سوشیل میڈیاقومی

اسپتال میں انسانیت شرمسار، وارڈ بوائے کی سی سی ٹی وی میں شرمناک حرکت قید (ویڈیو)

یہ شرمناک حرکت ہاسپٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی ہے جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

لکھنؤ: اتر پردیش کے ضلع شاملی کے ایک سرکاری ہاسپٹل سے انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک وارڈ بوائے نے علاج کے دوران جاں بحق ہونے والی خاتون کی نعش سے سونے کی بالیاں چُرا لیں۔ یہ شرمناک حرکت ہاسپٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی ہے جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

لوگ اس واقعہ پر سخت غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور وارڈ بوائے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ شاملی کے بابری تھانہ علاقہ کے ہیرنواڑہ گاؤں کی رہائشی 26 سالہ شویتا کے ساتھ پیش آیا۔ شویتا ایک سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہو گئی تھی جس کے بعد اسے فوراً ضلع ہاسپٹل لایا گیا۔ علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکی اور ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

ان کی نعش کو مردہ خانہ منتقل کیا جانا تھا مگر اس سے قبل ہی ایمرجنسی وارڈ میں تعینات وارڈ بوائے "وجے” نے گھناؤنی حرکت انجام دی۔

وارڈ بوائے وجے نے شویتا کی نعش سے سونے کی بالیاں نکال کر چرا لیں۔ بعد میں جب اسے شک ہوا کہ بات کھل سکتی ہے، تو اس نے پولیس کو یہ کہہ کر بالیاں واپس کیں کہ یہ فرش پر گری ہوئی ملی تھیں۔ مگر مرنے والی خاتون کے افرادخاندان کو وارڈ بوائے کی بات پر شک ہوا۔ انہوں نے معاملے کی شکایت ہاسپٹل کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (سی ایم ایس) ڈاکٹر کشور آہوجا سے کی۔

ڈاکٹر آہوجا نے فوراً سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وارڈ بوائے خاتون کی لاش سے زیورات نکال رہا ہے۔ اس فوٹیج کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر لوگ سخت مذمت کر رہے ہیں اور وارڈ بوائے کے خلاف فوری کارروائی کی مانگ کر رہے ہیں۔ پولیس اور ہاسپٹل انتظامیہ نے معاملہ کی گہرائی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ افرادخاندان نے بھی ذمہ دار ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔