حیدرآبادسوشیل میڈیا

بریکنگ نیوز: سکندرآباد کے الیکٹرک بائیک شوروم میں بھیانک آتشزدگی، 6 افراد ہلاک

سکندرآباد میں واقع ایک الیکٹرک بائیک شوروم میں خوفناک آگ لگ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بیٹریاں پھٹنے کے نتیجہ بھیانک آگ لگی اور شو روم کے اوپر واقع روبی لاج تک پھیل گئی۔ آگ اور دھویں کے باعث کئی لوگ لاج میں پھنس گئے۔

حیدرآباد: سکندرآباد میں واقع ایک الیکٹرک بائیک شوروم میں خوفناک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں تاحال 7 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے بتایا کہ اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی توثیق ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بیٹریاں پھٹنے کے نتیجہ میں بھیانک آگ لگی اور شو روم کے اوپر واقع لاج تک پھیل گئی۔ آگ اور دھویں کے باعث کئی لوگ لاج میں پھنس گئے۔

بتایا گیا ہے کہ کثیف دھویں کی وجہ سے لاج میں موجود لوگوں کا دم گھٹ گیا اور ان میں سے کئی نے خوف کے مارے کھڑکیوں سے نیچے چھلانگ لگادی۔ آخری خبریں ملنے تک 10 لوگوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ لاج میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری طرف فائر بریگیڈ کا عملہ دو فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا۔

ان میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے اور ان کا گاندھی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

اسی دوران پانچ دیگر افراد کو یشودا ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرین میں سے ایک خاتون بھی ہے جو آگ کے باعث شدید جھلس گئی تھی۔ اس خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

آگ اور دھویں سے بچنے کے لئے عمارت سے چھلانگ لگانے والوں میں سے کچھ شدید زخمی ہو گئے۔ اس بات کا پتہ نہیں چلا ہے کہ حادثے کے وقت لاج میں کتنے لوگ موجود تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریاستی وزیر تلاسانی سرینواس یادو موقع حادثہ پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ہماری ترجیحی امدادی اور بچاؤ کام ہے اس کے بعد ہی آگ لگنے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات کا انکشاف کیا جاسکتا ہے۔