بنگلورو میں پانی میں پھنسے خاندان کو بچالیا گیا، ایک خاتون کی حالت نازک (ویڈیو)
بنگلور میں فائر اور ایمرجنسی سرویسس کے جوانوں نے اتوار کے دن شہر میں موسلادھار بارش کے بعد کے آر سرکل کے انڈر پاس کے قریب گردن تک پانی میں ڈوبی ہوئی کار سے ایک خاندان کو بچالیا۔
بنگلورو: بنگلور میں فائر اور ایمرجنسی سرویسس کے جوانوں نے اتوار کے دن شہر میں موسلادھار بارش کے بعد کے آر سرکل کے انڈر پاس کے قریب گردن تک پانی میں ڈوبی ہوئی کار سے ایک خاندان کو بچالیا۔
بتایا جاتا ہے کہ کارمیں سوار ایک خاتون کی حالت نازک ہے۔ خاتون کو ایک قریبی ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے بموجب حیدرآباد سے 6 افراد پر مشتمل ایک خاندان اتوار کی دوپہر موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کے دوران ایک کار میں سفر کررہا تھا۔
کار ڈرائیور نے انڈر پاس کے قریب جمع پانی کی گہرائی کے اندازہ کے بغیر تیزی کے ساتھ گذرنے کی کوشش کی مگر درمیان میں کار تقریباً ڈوب گئی جس کے فوری بعد گاڑی میں بیٹھے ہوئے افراد خود کو بچانے کے لئے باہر نکلے۔
جب خاندان نے مدد کے لئے چیخ و پکار کی تو قریبی افراد ان کے بچاؤ کے لئے پہنچے۔ ایمرجنسی سرویس کے غوطہ خوروں نے دو افراد کوکھینچ کر نکالا جبکہ دیگر کو سیڑھی کے ذریعہ باہر نکالا گیا۔