دہلی

بنیادی فرائض کو شہری اوّلین ترجیح دیں: وزیر اعظم

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جب ملک آزادی کے صدسالہ جشن کی سمت پیشرفت کررہا ہے، شہریوں کو چاہیے کہ بنیادی فرائض کی تکمیل کو اوّلین ترجیح دیں تاکہ ملک عظیم بلندیوں کو پہنچ سکے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جب ملک آزادی کے صدسالہ جشن کی سمت پیشرفت کررہا ہے، شہریوں کو چاہیے کہ بنیادی فرائض کی تکمیل کو اوّلین ترجیح دیں تاکہ ملک عظیم بلندیوں کو پہنچ سکے۔

سپریم کورٹ میں یومِ دستور تقاریب کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ساری دنیا کی نظریں ہندوستان پر ہیں، جو تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے اور معاشی اعتبار سے فروغ پا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک آئندہ ہفتہ G-20 کی صدارت حاصل کرے گا اور یہ ایک بڑا موقع ہوگا، جس میں ملک اپنے رول کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے ہندوستان کے وقار کو بڑھانے کی سمت رول ادا کرسکیں اور دنیا کے لیے ہندوستان کی خدمات کو پیش کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہندوستان کی شناخت کو بحیثیت ِ مادرِ جمہوریت مستحکم کریں۔

انھیں خوشی ہے کہ ملک بحیثیت ِ مادرِ جمہوریت قدیم افکار کو مستحکم کررہا ہے اور دستور کی روح اور عوام کے حقوق کی پالیسیوں، غریبوں اور خواتین کو امپاور کرنے کی سمت کوشش کررہا ہے۔ مودی نے کہا کہ دستور کے پیش لفظ کے پہلے تین الفاظ ”ہم عوام“ (وی دی پیوپل) ایک اعلان، ایک اعتبار اور ایک حلف جیسے ہیں۔

ہمارے دستور کی روح ہندوستان کی روح ہے، جو دنیا میں مادرِ جمہوریت ہے۔ اس عصری دور میں ہمارا دستور عوام کے ثقافتی اور اخلاقی اصولوں کو گلے لگایا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے استحکام کے بارے میں ابتدائی اندیشوں کو ترک کرنے، ہندوستان پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے اور سماجی تنوع پر اسے فخر حاصل ہے۔

مہاتما گاندھی کے حوالے سے مودی نے کہا کہ بنیادی حقوق وہ ذمہ داریاں ہیں جن کی تکمیل شہری انتہائی فرض شناسی اور حقیقی اتحاد کے ساتھ پورا کرے۔ انھوں نے آنے والے 25 سالوں کے سفر کو امرت کال سے موسوم کیا اور کہا کہ اس دوران ملک ترقی یافتہ ملک کی طرح ابھرے اور یہ فرائض انجام دینے کی تکمیل کا دور ہوگا۔ آزادی کا امرت کال ملک کے تئیں فرائض انجام دینے کا دور ہے۔

انفرادی طور پر یا ادارہ جاتی طور پر ہمیں چاہیے کہ ذمہ داریوں کو پہلی ترجیح دیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فرائض کی تکمیل سے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو پہنچے گا۔ مودی نے مساوات اور امپاورمنٹ جیسے موضوعات کو بہتر سمجھنے کے لیے نوجوانوں میں دستور سے واقفیت میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔ ابتداء میں مودی نے 26/11 کے ممبئی دہشت گرد حملوں کی یاد دلائی، جو 2008 میں پیش آیا جب کہ ملک دستور کی منظوری کی تقریب منا رہا تھا۔

وزیر اعظم نے شروع کردہ نئی پہل کے تحت ای کورٹ پراجکٹ کا افتتاح کیا، جو مقدمات کے فریقوں، وکلاء اور عدلیہ کے عہدیداروں کو انفارمیشن اور کمیونکیشن ٹکنالوجی کے ذریعہ عدالتوں کو سہولت فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ ان کی جانب سے آغاد کردہ پراجکٹس میں ”آن لائن جسٹس گھڑی“، ”جسٹس موبائل ایپ 2.0“، ”ڈیجیٹل عدالت“ اور ”S3@WaaS ویب سائٹس“ شامل تھے۔ یومِ دستور کی تقاریب میں چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، وزیر قانون کرن رجیجو، سپریم کورٹ ججس، اٹارنی جنرل آر وینکٹا رمنی، سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے علاوہ صدر سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن وکاس سنگھ اور دیگر نے شرکت کی۔

a3w
a3w