شمالی بھارت

بی جے پی کا انتخابی منشور: یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا وعدہ

پارٹی کے دیگر وعدوں میں آئندہ 5 سالوں میں 20 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی، ریاست کی معیشت کو ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک فروغ دینا شامل ہیں۔

گاندھی نگر: حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے آنے والے گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے آج انتخابی منشور جاری کیا اور یکساں سیول کوڈ کے نفاذ، متوقع خطرات کے ازالہ، دہشت گرد تنظیموں کے علاوہ ان کے خوابیدہ گروہوں اور مخالف ہندوستان طاقتوں کی نشاندہی کرنے مخالف بنیاد پرستی شعبہ قائم کرنے کا وعدہ کیا۔

پارٹی کے دیگر وعدوں میں آئندہ 5 سالوں میں 20 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی، ریاست کی معیشت کو ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک فروغ دینا شامل ہیں۔

چیف منسٹر گجرات بھوپیندرا پٹیل اور ریاستی صدر سی آر پاٹل کی موجودگی میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ریاستی بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں انتخابی منشور جاری کیا۔ منشور میں کیے گئے دیگر وعدوں میں پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (آیوشمان بھارت) کے تحت فی خاندان سالانہ پانچ تا دس لاکھ روپئے اضافہ، کے جی تا پی جی لڑکیوں کے لیے مفت تعلیم اور دیگر وعدے بھی شامل ہیں۔

نڈا نے کہا کہ گجرات میں یکساں سیول کوڈ کے مکمل نفاذ کا تیقن کیا جائے گا، جور یاستی حکومت کی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ہوگا۔ 29 اکتوبر کو حکومت ِ گجرات نے اعلان کیا تھا کہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ فیصلہ اس دن کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

منشور میں یہ وعدہ بھی کیا گیا کہ فسادات اور احتجاجوں کے دوران غیرسماجی عناصر کی جانب سے عوامی اور خانگی جائیدادوں کو نقصان پہنچائے جانے پر نقصانات کی پابجائی کے لیے گجرات ریکوری یا ڈیمیج ٹو پبلک اینڈ پرائیوٹ پروپٹیز ایکٹ مدوّن کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا۔

دیگر اہم وعدوں میں سوراشٹرا کے علاقے جنوبی گجرات میں دو سی فوڈ (سمندری غذائیں) پارکس کے قیام، پسماندہ طبقات کے لیے مفت ڈیگناسٹک سروس، تین میڈی سٹی ہاسپٹلوں کا قیام، دو ایمس کی سطح کے ادارے، 20 ہزار سرکاری اسکولوں کو اسکول آف اسکلنس میں تبدیل کرنا شامل ہیں۔

a3w
a3w