حیدرآباد

بی جے پی کا اقتدار 40 برسوں تک رہے گا: امیت شاہ

بی جے پی کے سینئر لیڈر و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اس یقین کے ساتھ کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ30 سے 40 سال تک اقتدار میں رہے گی اور ہندوستان ”وشوا گرو“ (عالمی رہنما) بن جائے گا۔

حیدرآباد: بی جے پی کے سینئر لیڈر و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اس یقین کے ساتھ کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ30 سے 40 سال تک اقتدار میں رہے گی اور ہندوستان ”وشوا گرو“ (عالمی رہنما) بن جائے گا۔

حیدرآباد انٹر نیشنل کنونشن سنٹر میں جاری بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سیاسی قرار داد پیش کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ خاندانی(موروثی) سیاست، ذات اور خوشامدی سیاست بدترین پاپ ہے۔ ان ہی وجہ سے ملک، کئی برسوں تک پیچھے رہا ہے۔

آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بسوا سرما نے امیت شاہ کی تقریر کا مختصر احوال بتاتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے شاہ کے حوالہ سے بتایا کہ بی جے پی کی سیاست، ترقی اور کارکردگی پر عوام نے مہرثبت کردی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی، سلسلہ وار انتخابات میں کامیابی درج کراتی آئی ہے۔

انہوں نے موروثی سیاست، ذات اور خوشامدی کی سیاست کے خاتمہ پر زور دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بی جے پی، مغربی بنگال اور تلنگانہ جیسی ریاستوں میں موروثی سیاست کو ختم کرے گی اور آندھرا پردیش، ٹاملناڈو اور اڈیشہ اور دیگر ریاستوں میں برسر اقتدار آئے گی۔ 2014 میں مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد یہ ریاستیں، ہنوز زعفرانی جماعت کے اقتدار سے باہر ہیں۔

اجلاس میں اجتماعی امیداور غور وخوص میں یہ پایا کہ جنوبی ہند سے بی جے پی کو اقتدار ملے گا۔ سرمانے یہ بات کہی۔ آئی اے این ایس کے مطابق بی جے پی کے نیشنل اگزیکٹیو کمیٹی (این ای سی) کے اجلاس میں اتوار کے روز مسلح افواج میں بھرتی کیلئے متعارف کردہ مرکز کی نئی اسکیم ”اگنی پتھ“ کی زبردست ستائش کی گئی اس اسکیم کے ذریعہ آئندہ18ماہ میں 10لاکھ جابس فراہم کئے جاسکیں گے۔

اقتصادی اور غریب کلیان (بہبو دغربا) قرار داد کونسل اجلاس میں پیش کی گئی۔ ملک کے غریبوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے نریندر مودی کی حکومت نے ہر ایک فیصلہ کیا ہے۔ پیش کردہ دو قرار دادوں میں ایک اقتصادی اور غریب کلیان قرار داد ہے۔

بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں دو قرار دادوں کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پیش کیا جبکہ مرکزی وزیر پیوش گوئل اور ہریانہ کے چیف منسٹر ایم ایل کھتر نے اس کی تائید کی۔ اجلاس میں پیش کردہ پہلی قرار داد کے بارے میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اقتصادی اور غریب کلیان قرار داد کو اجلاس میں منظور کیا گیا ہے۔

a3w
a3w