بی جے پی کے خلاف سیاسی محاذ کی تشکیل کی مساعی کا خیر مقدم: ڈاکٹر کے نارائنہ
قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنہ نے ملک میں بی جے پی کے خلاف سیاسی محاذ بنانے سے متعلق چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ کی مساعی پر مسرت کا اظہار کیا۔
حیدرآباد: قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنہ نے ملک میں بی جے پی کے خلاف سیاسی محاذ بنانے سے متعلق چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ کی مساعی پر مسرت کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر کے نارائنہ اور ریاستی سکریٹری سی پی آئی سی وینکٹ ریڈی نے آج مخدوم بھون میں اخباری نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 31/ اگست کو بہار کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو، بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو و دیگر سے ملاقات کی۔
ان کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی کے خلاف بنائے جانے والے سیاسی محاذ میں شامل ہونے کیلئے چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی سے بھی بات کریں۔
ڈاکٹر سی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ کے دورہ کے موقع پر تلگو فلم کے اداکاروں سے ملاقات کررہے ہیں۔ اس میں جونیر این ٹی آر بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر نارائنہ نے کہا کہ جونیر این ٹی آر کو امیت شاہ سے ملاقات کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کو تلنگانہ کے قائدین کی کارکردگی پر بھروسہ نہیں ہے اس لئے امیت شاہ تلگو فلموں کے اداکاروں سے ملاقات کررہے ہیں۔