تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا گروپ ون پریلمس امتحان
اتوار کو ہونے والے اس امتحان کے لیے اب تک 2.75 لاکھ امیدواروں نے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کئے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے 11جون کو گروپ ون پریلمس امتحان منعقد ہونے والا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ ون پریلمس امتحان کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اتوار کو ہونے والے اس امتحان کے لیے اب تک 2.75 لاکھ امیدواروں نے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کئے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے 11جون کو گروپ ون پریلمس امتحان منعقد ہونے والا ہے۔
امتحان کے اوقات 10.30بجے دن سے ایک بجے دن رکھے گئے ہیں۔یہ امتحان ریاست بھر میں 994 مراکز پربیک وقت ہوگا۔امیدواروں کو 8.30بجے صبح سے 10.15بجے دن تک ہی امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت رہے گی۔
جملہ 3,80,081 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کے لئے درخواست داخل کی ہے۔ امیدواروں کو امتحان کے وقت سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل متعلقہ مرکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کمیشن کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں بتایا گیا ہے کہ امیدواروں کوہال ٹکٹ کے ساتھ اصلی کارآمد تصویری شناختی کارڈ جیسے پاسپورٹ‘پان کارڈ‘ ووٹرآئی ڈی‘آدھار‘گورنمنٹ ایمپلائی کارڈ‘ ڈرائیورنگ لائسنس وغیرہ ساتھ رکھنا ضروری رہے گا۔ ریاضی کے ٹیبلس‘ لاگ بکس‘سل فونس‘ والٹ اور ہینڈ بیاگس امتحانی مرکز لانا ممنوع رہے گا۔