حیدرآباد

حیدرآبادمیں شدیدبارش کاامکان، عوام کوگھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ

شہرحیدرآبادمیں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظرسڑکوں پرپانی جمع ہونے اور دیگر مسائل کے خطرہ کا اندیشہ ہے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآبادمیں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظرسڑکوں پرپانی جمع ہونے اور دیگر مسائل کے خطرہ کا اندیشہ ہے۔

ایمرجنسی ٹیمیں اور عہدیدارچوکسی اختیارکئے ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ گھروں پررہیں۔

ضروری کام پرہی باہر نکلیں‘جی ایچ ایم سی میں ایک کنٹرول روم قائم کیاگیاہے جہاں بارش سے مربوط مسائل سے متعلق مدد کے لئے فون نمبر 040-21111111 پرربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔

مئیرجئے گدوال لکشمی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے عوام پرزوردیا کہ وہ بارش میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ذرائع کے بموجب شہر حیدرآبادکے کئی علاقوں میں اتوار کی شب تیزہواؤں اورگرج وچمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔بارش کایہ سلسلہ تقریباً2گھنٹوں تک جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی حیدرآبادکے علاوہ میڑچل‘سنگاریڈی‘رنگاریڈی اوردیگر اضلاع میں ریڈالرٹ جاری کیاتھا۔

گچی باؤلی کے خواجہ گوڑہ کے اسپورٹس کامپلکس میں رات 10بجے تک 63.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی جوشہر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔اس کے علاوہ شیخ پیٹ اور جوبلی ہلز میں بالترتیب 52اور46ملی میٹربارش ریکاڈ کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پرانے شہر اور ماباقی شہر کے کئی علاقوں میاں پور‘قطب اللہ پور‘ایل بی نگر‘اپل‘سرورنگر‘عنبرپیٹ‘خیریت آباد میں زبردست بارش ہوئی۔شہر کے کئی علاقوں میں برقی کی سربراہی مسدودہوگئی اوربارش سے کئی سڑکیں زیرآب آگئیں جس سے ٹرافک میں خلل پڑا۔