حیدرآباد

حیدرآباد میں کل جمعتہ الوداع، پولیس کے مناسب انتظامات

حیدرآباد سٹی پولیس نے جمعتہ الوداع یا رمضان کے آخری جمعہ کے پیش نظر پرانے شہر میں تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ سکندرآباد کی جامع مسجد کے اطراف کل چند ٹرافک تحدیدات عائد کی ہیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس نے جمعتہ الوداع یا رمضان کے آخری جمعہ کے پیش نظر پرانے شہر میں تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ سکندرآباد کی جامع مسجد کے اطراف کل چند ٹرافک تحدیدات عائد کی ہیں۔

چارمینار اور مدینہ بلڈنگ، چارمینار اور مرغی چوک، چارمینار اور راجیش میڈیکل ہال شاہ علی بنڈہ کے درمیان مین سڑکوں کو 9بجے صبح سے3بجے سہ پہر تک تمام قسم کی گاڑیوں کی ٹرافک کے لئے بند کردیا جائے گا۔

چارمینار کی سمت آنے والی ٹرافک کو مختلف مقامات کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ نئے پل سے چارمینار کی طرف آنے والی ٹرافک کے رخ کو مدینہ جنکشن سے سٹی کالج کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اسی طرح ٹرافک کو ہمت پورہ، چوک میدان خان، موتی گلی، اعتبار چوک، سحر باطل کمان اور لکڑ کوٹ سے موڑ دیا جائے گا۔ ٹرافک پولیس نے مزید بتایا کہ مکہ مسجد آنے والے نمازیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے7مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات اور ریاست کے مختلف اضلاع سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد جمعتہ الوداع کی نماز ادا کرنے مکہ مسجد آتی ہے۔ مکہ مسجد سے متصل اور چارمینار کے قریب سڑکوں پر نماز کی ادائیگی کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔

نماز جمعہ کے بعد صدر مجلس اسد الدین اویسی کا خطاب ہوگا۔ سٹی ٹرافک پولیس نے سکندرآباد میں جامع مسجد کے اطراف بھی چند ٹرافک تحدیدات کے لزوم کا اعلان کیا ہے۔

سکندرآباد میں سبھاش روڈ، (ایم جی روڈ پر مہانکالی پولیس اسٹیشن اور رام گوپال پیٹ روڈ جنکشن)21/ اپریل کو 9بجے صبح سے ایک بجے دن تک ٹرافک کیلئے بند رہے گی۔ نماز جمعہ کے پیش نظر مختلف مقامات پر ٹرافک کو موڑ دیا جائے گا۔

a3w
a3w