حیدرآباد

حیدرآباد کی یوم آزادی تقاریب عوامی تقریب کے طورپر منائی جائے گی: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد ریاست کی آزادی کے لئے لڑائی لڑنے والے مجاہدین آزادی کی خدمات کو یاد کیاجائے گا اور ان کی یوم پیدائش و برسی کی تقاریب منائی جائیں گی۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ یوم آزادی حیدرآباد کی تقاریب اس مرتبہ عوامی تقریب کے طورپر منائی جائے گی۔انہوں نے مجاہد آزادی وندے ماترم رام چندرراو کے ارکان خاندان کو تہنیت پیش کرنے کے بعد کہا کہ اُس وقت کے نظام حیدرآبادکے خلاف لڑائی لڑنے والے مجاہدین آزادی کی خدمات کی75سال کے باوجود کوئی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ریاست کی آزادی کے لئے لڑائی لڑنے والے مجاہدین آزادی کی خدمات کو یاد کیاجائے گا اور ان کی یوم پیدائش و برسی کی تقاریب منائی جائیں گی۔ یہ تقاریب اس ماہ کی 17تاریخ کومنائی جانے والی سال بھر کی تقاریب کے حصہ کے طورپر عوامی تقریب کے طورپر منائی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اس دن ترنگالہرائیں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان تقاریب میں حصہ لیں اور قومی پرچم کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے شعیب اللہ خان کے خاندان کے مکان پہنچ کر ان کو خراج پیش کیا۔شعیب اللہ خان نے حیدرآباد کی آزادی کے لئے لڑائی لڑی تھی۔