
سید قدیر
مرکزی حکومت کی جانب سے بجٹ 2023ء میں خواتین کے لئے ایک نئی بچت اسکیم ’’مہیلا سمان سیونگ سرٹیفکٹ‘‘ (ایم ایس ایس سی) کو متعارف کرایا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت خواتین یا کسی بھی عمر کی لڑکیوں کے نام پر کھاتہ کھولا جاسکتا ہے۔ یہ اسکیم 2023ء اور 2025ء کے درمیان 2 سال کی مدت کے لئے دستیاب ہے۔ اس میں رقم جمع کرنے پر 2 سال کی مدت تک مستقل 7.5 فیصد انٹرسٹ دیا جائے گا۔ ملک میں کمرشیل بینکوں کی جانب سے فکسڈ ڈپازٹس پر دیئے جانے والے انٹرسٹ کی شرح کے مقابلہ میں یہ شرح سود زیادہ ہے‘ کیونکہ مہیلا سمان سیونگ سرٹیفکٹ کے لئے 7.5 فیصد شرح سود مستقل کردی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 2 سال کی مدت کے لئے کم از کم 1000 روپئے اور زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ روپئے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ رقم ایک ہی مرتبہ جمع کی جاسکتی ہے۔ اس کے بعد مزید رقم جمع کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انٹرسٹ کی رقم ہر سہ ماہ میں ایک مرتبہ اس میں جمع کی جائے گی‘ تاہم میعاد مکمل ہونے کے بعد ہی یہ رقم حاصل کی جاسکتی ہے۔ لڑکیاں نا بالغ ہوں تو اُن کی طرف سے ان کے سرپرست یہ کھاتہ کھول کر رقم جمع کرا سکتے ہیں۔ اس اسکیم میں شامل ہونے کے لئے خاتون یا لڑکی کی طرف سے 31 مارچ 2025 سے قبل کھاتہ کھولنا ضروری ہے۔ اس اسکیم کے تحت کھاتہ دار ایک سال کی مدت مکمل ہونے پر 40 فیصد رقم نکال سکتا ہے۔ اگر کھاتہ دار کی موت ہوجاتی ہے تو اس صورت میں کھاتہ میعاد سے پہلے بھی ختم کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح اگر سرپرست کی موت ہوجائے یا کوئی ایسی بیماری لاحق ہوجائے جس کی وجہ سے موت ہوسکتی ہے تو کسی جرمانہ کے بغیر مہیلا سمان بچت سرٹیفکٹ اسکیم سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کھاتہ کھولنے کے 6 ماہ بعد بھی کسی وجہ کے بغیر کھاتہ کو بند کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے لئے جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ اس اسکیم سے وقت سے پہلے یعنی 2 سال مکمل ہونے سے پہلے دستبردار ہوتے ہیں تو آپ کو دیئے جانے والے شرح سود میں بھی 2 فیصد کی کٹوتی کردی جائے گی۔ یعنی آپ کو آپ کی جمع کی گئی رقم پر صرف 5.5 فیصد کے حساب سے ہی انٹرسٹ دیا جائے گا‘ نہ کہ 7.5 فیصد کے حساب سے۔ علاوہ ازیں اس اسکیم کے تحت جمع کی جانے والی رقم کو انکم ٹیکس سے استثنی نہیں دیا گیا ہے۔ اگر آپ کے کھاتہ میں اتنی رقم جمع ہوجاتی ہے جس پر انکم ٹیکس قانون کے مطابق ٹیکس لگ سکتا ہے تو آپ کو رقم نکالنے کے بعد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔
مہیلا سمان بچت سرٹیفکٹ اسکیم اسی طرح ہے جیسا کہ پوسٹ آفیس کی بچت اسکیم ہے‘ جہاں سود ہر سہ ماہ میں ایک بار محسوب کیا جاتا ہے اور جو رقم جمع کی گئی اس میں جمع کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر 2 لاکھ روپئے جمع کئے گئے تو 3 ماہ بعد اس پر انٹرسٹ 3750 روپئے جمع ہوگا‘ اسی طرح آپ کی رقم اگر جمع رہتی ہے تو مزید 3 ماہ بعد اس میں 3820 روپئے انٹرسٹ کی رقم جمع ہوجائے گی۔ اس طرح 2 سال مکمل ہونے کے بعد آپ 2,32,044 روپئے حاصل کرپائیں گے۔ یعنی 2 سال میں آپ کو 32 ہزار روپئے زائد حاصل ہوں گے۔
اس اسکیم کو بینک کی بچت اسکیمات کے خطوط پر ہی تیار کیا گیا ہے تاہم اس میں جمع کی جانے والی رقم پر شرح سود بینک سے زیادہ دیا جاتا ہے جو 7.5 فیصد ہے‘ جبکہ کمرشیل بینکوں کی جانب سے 6تا7 فیصد انٹرسٹ دیا جاتا ہے۔ ایس بی آئی کی جانب سے 2 سال سے کم مدت کے ڈپازٹس پر صرف 6.8 فیصد انٹرسٹ دیا جاتا ہے۔ پوسٹ آفیس کی 2 سال کی بچت اسکیم کے تحت انٹرسٹ 7.1 فیصد ہے۔ تاہم نیشنل سیونگ سرٹیفکٹ پر 7.7 فیصد انٹرسٹ دیا جاتا ہے۔ لیکن اس کی اسکیم مہیلا سمان سے کہیں زیادہ مدت کے لئے ہے۔
ایسی خواتین جو مختصر مدت کے لئے اپنی رقم بچت کرنا چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ اُن کو اس بچت سے کچھ اور رقم مل جائے تو وہ اس اسکیم میں سرمایا کاری کرسکتی ہیں۔ اس اسکیم میں دیگر بینکوں اور پوسٹ آفیس کے مقابلہ میں ایک فیصد انٹرسٹ زیادہ دیا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ اسکیم ایسی خواتین کے لئے ہے جو اپنے طور پر کچھ رقم بچالیتی ہیں اور اسے خرچ کرنا نہیں چاہتیں۔ کسی کام کے لئے یا کوئی موقع آنے پر خریداری کے لئے اسے بچا کر رکھنا چاہتی ہیں۔ ایسی خواتین کے لئے یہ اسکیم بہت موزوں ہے۔
خواتین کو عام طور پر بینکو ں میں رقم جمع کرانے میں جھجک محسوس ہوتی ہے۔ ایک یا دو سال کے لئے فکسڈ ڈپازٹس پر بینکوں کی جانب سے اتنا زیادہ انٹرسٹ بھی نہیں دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ درمیان میں رقم نکالنے کے لئے بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرانے کی حد 2 لاکھ روپئے ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اسکیم اُن گھریلو خواتین کے لئے ہے جو روز مرہ اخراجات میں سے کچھ رقم بچالیتی ہیں۔ تاہم یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ رقم صرف ایک بار میں ہی جمع کرانا ہوگا اور 6 ماہ سے پہلے رقم نہیں نکالی جاسکتی ہے۔ 6 ماہ میں رقم نکالنے پر 2 فیصد سود عائد ہوگا۔ اس لئے خواتین اس اسکیم میں سرمایا کاری کرنے سے پہلے ان باتوں کا خیال رکھیں اور اپنی سہولت کے لحاظ سے رقم جمع کرائیں۔
اس اسکیم کے لئے پوسٹ آفیس یا بینک میں کھاتہ کھولا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے انڈیا پوسٹ کی ویب سائیٹ پر فارم دستیاب ہے جس کو ڈاؤن لوڈ کرکے اس کی خانہ پوری کے بعد ایک پاسپورٹ سائز تصویر لگاکر قریبی پوسٹ آفیس میں دینے سے آپ کا کھاتہ کھول دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بینک میں بھی کھاتہ کھولا جاسکتا ہے تاہم اس کے بارے میں بینک سے پہلے معلومات حاصل کرلینا ضروری ہے۔ کھاتہ کھولنے کے بعد آپ اپنی مرضی سے اس میں ایک ہزار روپئے سے 2 لاکھ روپئے تک رقم جمع کراسکتے ہیں جس کے بعد آپ کو بینک یا پوسٹ آفیس کی جانب سے ایک سرٹیفکٹ دیا جائے گا جس میں آپ کی جمع کی گئی رقم کی تفصیل درج ہوگی۔ 2 سال مکمل ہونے کے بعد اسی سرٹیفکٹ کو بینک یا پوسٹ آفیس میں جمع کرانے پر آپ کو 2 سال کے سود (سالانہ 7.5فیصد) کے ساتھ آپ کی رقم واپس کردی جائے گی۔ اب تک اس اسکیم کے تحت زائد از 24,700 اکائونٹس کھولے جاچکے ہیں اور خواتین و لڑکیاں استفادہ کررہی ہیں۔