شمالی بھارت

دلتوں کوداخلہ سے روکنے پر ٹاملناڈومیں مندر مہربند

ٹاملناڈوکے ضلع سیلم میں محکمہ مال کے عہدیداروں نے شکتی مریمن مندرکوبندکردیا جہاں اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے دلتوں کو مندرمیں داخل ہونے سے روک دیاتھا۔ پولیس نے بتایاکہ یہ مندر ہندو اوقاف کے زیرکنٹرول ہے۔

چینائی: ٹاملناڈوکے ضلع سیلم میں محکمہ مال کے عہدیداروں نے شکتی مریمن مندرکوبندکردیا جہاں اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے دلتوں کو مندرمیں داخل ہونے سے روک دیاتھا۔ پولیس نے بتایاکہ یہ مندر ہندو اوقاف کے زیرکنٹرول ہے۔

حال ہی میں اس کی تزئین نوکی گئی تھی اورمذہبی امورکیلئے وقف کیاگیاتھا۔ پولیس نے بتایاکہ اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے دلتوں کومندرمیں داخل ہونے سے روک دیاتھا۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے 31۔ اکتوبرکوایک میٹنگ منعقد کی تھی۔

میٹنگ کے بعددلتوں کومندر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ اتوارکی شام اونچی ذات کی ایک خاتون نے انہیں دوبارہ مندرمیں داخل ہونے سے روک دیاتھا۔ مندرکے احاطہ میں کشیدگی پیداہوگئی تھی۔

دونوں گروپس وہاں جمع ہوگئے تھے۔ پولیس اورمحکمہ مال کے عہدیدار بھی وہاں پہنچ گئے تھے۔ بہرحال اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے دلتوں کومندر میں داخل نہ ہونے دینے کااعلان کیاتھا، جس پر عہدیداروں نے مندرکومہربندکردیا۔