انٹرٹینمنٹ

تیونشاکی خودکشی ’لوجہاد‘کا نتیجہ نہیں:پولیس

اداکارہ تیونشا شرما کی 24۔دسمبرکوخودکشی کے معاملہ میں پولیس نے ’لوجہاد‘ کے امکان کوخارج ازبحث قراردیا ہے۔

پال گھر(مہاراشٹرا): اداکارہ تیونشا شرما کی 24۔دسمبرکوخودکشی کے معاملہ میں پولیس نے ’لوجہاد‘ کے امکان کوخارج ازبحث قراردیا ہے۔

میرابھیندر۔ واسائی ویرار پولیس نے جواس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے، تیونشاکے ساتھی اداکاراوربوائے فرینڈ شیزان خان کواتوارکے روز گرفتارکرلیا تھااوراسے خودکشی پر مجبورکرنے کے الزام میں چہارشنبہ تک پولیس تحویل میں دیاگیاہے۔

بعض سیاسی قائدین نے اسے ’لوجہاد‘ کا معاملہ قراردیا تھا۔ پوچھ تاچھ کے دوران شیزان خان نے تفتیش کاروں کوبتایاکہ وہ حالیہ شردھاوالکر۔ آفتاب پوناوالا کیس سے بیحد پریشان تھا اوراسی لئے اس نے تیونشاکے ساتھ تعلق ختم کرنے کافیصلہ کرلیاتھا۔

اس ترک تعلق سے تیونشاذہنی دباؤکا شکارہوگئی تھی اورشائد اسی وجہ سے اس نے کرسمس کے موقع پر یہ انتہائی اقدام کیاہوگا۔ تیونشاکے چچا سنجیوکوشل نے لاش پائے جانے کے بعد میڈیاکوبتایاتھاکہ دو ہفتہ پہلے تیونشاذہنی بے چینی کاشکارہوگئی تھی اوراسے ممبئی کے ایک ہاسپٹل میں شریک کرایاگیاتھا۔بعدازاں تیونشا کی ماں نے اپنے ایک ویڈیوبیان میں کہاتھاکہ شیزان نے ان کی بیٹی کودھوکا دیا۔

اس نے شادی کا وعدہ کیاتھا اور3،4 مہینے اسے استعمال کرنے کے بعد اچانک تعلق توڑ لیاتھا۔ انہوں نے یہ بھی کہاتھاکہ تیونشا کے ساتھ ساتھ دوسری عورتوں سے بھی شیزان کاتعلق تھا اورپولیس سے مطالبہ کیاتھاکہ وہ اسے نہ بخشے۔

تحقیقات کے دوران پولیس کوپتہ چلاہے کہ دونوں کے بیچ اکثرجھگڑے ہوتے تھے لیکن گذشتہ ہفتہ انہوں نے لنچ پرملاقات کی تھی اوراس کے چند گھنٹوں بعد تیونشا واسائی علاقہ میں فلم کے سیٹ پرایک ٹائیلٹ میں لٹکتی پائی گئی تھی۔