دلت لڑکیوں کا سربراہ کھانا پھینک دیں، باورچی کی طلباء کو ہدایت
دلت لرکیوں کی جانب سے سربراہ کردہ دوپہر کا کھانا پھینک دینے کے لیے طلباء کو ترغیب دینے پر ایک باورچی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اودے پور: دلت لڑکیوں کی جانب سے سربراہ کردہ دوپہر کا کھانا پھینک دینے کے لیے طلباء کو ترغیب دینے پر ایک باورچی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ہفتہ کو پولیس نے یہ بات بتائی۔ بتایا جاتا ہے کہ باورچی نے سرکاری اسکول اودے پور کی دو دلت لڑکیوں کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار کیا اور طلباء سے کہا کہ وہ دلت لڑکیوں کی جانب سے سربراہ کردہ ”میڈ ڈے میل“ پھینک دیں۔
گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول سبروڈی میں لالہ رام گرجر کھانا پکاتے ہیں اور سربراہی کا کام دو دلت لڑکیاں کرتی ہیں۔ باورچی لالہ رام گرجر کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے طلباء سے کہا کہ دلت لڑکیوں کی جانب سے سربراہ کردہ میڈ ڈے میل پھینک دیں۔
لالہ رام نے دلت لڑکیوں سے یہ کام لینے پر اعتراض کیا اور کہا کہ کھانا پھینک دیں، کیوں کہ وہ دلتوں کی جانب سے سربراہ کیا جارہا ہے۔
طلباء نے رام گرجر کی ہدایت پر عمل کیا اور کھانا پھینک دیا۔ یہ واقعہ کل پیش آیا۔ لڑکیوں نے اس واقعہ سے اپنے ارکانِ خاندان کو واقف کروایا، جس کے بعد بعض رشتہ دار اسکول پہنچے اور باورچی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔