شمالی بھارت

شبانہ اعظمی، جاوید اختر، نصیر الدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر سیل: نروتم مشرا

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا کہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر اور نصیر الدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر سل ہیں۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا کہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر اور نصیر الدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر سل ہیں۔

واضح رہے کہ شبانہ اعظمی چند دن قبل ایک انٹرویو کے دوران بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس کے 11 مجرموں کی رہائی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے رو پڑی تھیں۔ نروتم مشرا نے کہا کہ معاملہ یہ ہے کہ یہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر اور نصیر الدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر سل ہیں۔

انہوں نے راجستھان میں کنہیا لال کا سرقلم کیے جانے کے بارے میں کچھ نہیں کہا تھا۔ جھارکھنڈ میں ہماری بیٹی کو آگ لگا دی گئی، لیکن کیا انہوں نے کچھ کہا تھا۔ جب بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں کچھ ہوتا ہے تو یہ لوگ بیانات جاری کرتے ہیں۔ مشرا نے کہا کہ جب بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں کچھ ہوتا ہے تو نصیر الدین شاہ کو اس ملک میں رہنے سے ڈر لگنے لگتا ہے۔

ان لوگوں کے علاوہ ایک ایوارڈ واپسی ٹولی بھی ہے، جوسرگرم ہوجاتی ہے اور زور و شور سے چیخ پکار کرنے لگتی ہے۔ یہ لوگ سیکولر ہونے کا دعویٰ کس طرح کرسکتے ہیں۔ ہر شخص ان کی سچائی کو جانتا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ شبانہ اعظمی ایک ٹی وی چیانل کو انٹرویو دیتے ہوئے رو پڑی تھیں اور کہا تھا کہ 15 اگست کو اجتماعی عصمت ریزی کے ان مجرموں کی رہائی پر اختیار کی گئی خاموشی کے بارے میں ان کے پاس کہنے کے لیے کوئی الفاظ نہیں ہیں۔

اداکارہ نے کہا تھا کیا ہمیں ان لوگوں کے لیے آواز نہیں اٹھانی چاہیے تاکہ اس خاتون کے ساتھ انصاف ہو اور جو خواتین اس ملک میں اپنے آپ کو غیرمحفوظ محسوس کررہی ہیں، جن خواتین کو آئے دن عصمت ریزی کے خطرہ کا سامنا ہے کیا انہیں کچھ احساسِ تحفظ حاصل نہیں ہونا چاہیے؟

میں اپنے بچوں اور اپنے پوتے پوتیوں کو کیا جواب دوں گی؟ میں بلقیس سے کیا کہوں گی؟ میں بے حد شرمندہ ہوں۔ واضح رہے کہ مجرموں کی رہائی کے مسئلہ پر ملک گیر برہمی پھیل گئی تھی اور یہ مسئلہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا جس نے حکومت ِ گجرات سے جواب طلب کیا ہے۔