رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ سے ای راجندر کی ملاقات
بی جے پی تلنگانہ کے الیکشن کمیٹی کے چیئر مین ای راجندر نے گوشہ محل کے بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو تیقن دیا کہ وہ ان کی پارٹی سے معطلی کو ختم کرانے کے لئے پارٹی ہائی کمان سے نمائندگی کریں گے۔

حیدرآباد: بی جے پی تلنگانہ کے الیکشن کمیٹی کے چیئر مین ای راجندر نے گوشہ محل کے بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو تیقن دیا کہ وہ ان کی پارٹی سے معطلی کو ختم کرانے کے لئے پارٹی ہائی کمان سے نمائندگی کریں گے۔
آج ای راجندر نے ٹی راجہ سنگھ سے ملاقات کیلئے ان کی قیام گاہ پہنچنے۔ راجہ سنگھ نے راجندر کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے بی جے پی قائدین کو ہراساں کرتے ہوئے فرضی مقدمات میں ماخوذ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے راجہ سنگھ سے پارٹی سے معطلی کے مسئلہ پر بھی تفصیلی طور پر بات چیت کی۔
راجندر نے سنگھ کو تیقن دیا کہ وہ ان کی معطلی کو ختم کرانے کیلئے پارٹی ہائی کمان سے بات کریں گے۔ واضح رہے کہ شان رسالتؐ میں گستاخی کے خلاف مسلمانوں کے زبردست احتجاج کے بعد بی جے پی نے راجہ سنگھ کو پارٹی سے معطل کردیا تھا اور یہ معطلی ہنوز برقرار ہے۔
دوسری طرف گذشتہ دنوں راجہ سنگھ نے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی، جس کے بعد افواہوں کا سلسلہ چل پڑا کہ راجہ سنگھ پارٹی وفاداری تبدیل کرنے والے ہیں۔
تاہم ہریش راؤ اور راجہ سنگھ کے درمیان ہوئی بات چیت کی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی تھی۔ راجہ سنگھ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے بنیادی مسائل اور ترقی کے متعلق ہریش راؤ سے نمائندگی کی تھی۔
گذشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ بی جے پی ہائی کمانڈ راجہ سنگھ کو حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے بجائے حلقہ پارلیمنٹ ظہیر آباد سے امیدوار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ اس تناظر میں ای راجندر کی راجہ سنگھ سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہمیت کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔