حیدرآباد

ریونت ریڈی کا طرزعمل ریاست میں کانگریس کو لے ڈوبے گا: ششی دھر ریڈی

سینئر کانگریس لیڈر نے تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے انچارچ مانکیم ٹیگور کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں سینئر لیڈران کی ان سنی کرنے کی ذہنیت رکھنے والا شخص قرار دیا۔

حیدرآباد: سینئر کانگریس لیڈر و سابق نائب صدرنشیں محکمہ قومی آفات سماوی حکومت ہند ایم ششی دھرریڈی نے تلنگانہ کانگریس چیف ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ششی دھرریڈی نے ریونت ریڈی کے طریقہ کار پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

سینئر کانگریس لیڈر نے تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے انچارچ مانکیم ٹیگور کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں سینئر لیڈران کی ان سنی کرنے کی ذہنیت رکھنے والا شخص قرار دیا۔ ششی دھرریڈی نے ورنگل میں رعیتو ڈیکلرشن سبھا کے دوران سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کے بیان پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔

ششی دھرریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پی سی سی چیف ریونت ریڈی اکثر و بیشتر اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈران کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہتے ہیں۔ ان کے رویہ اور کام کرنے کے اسٹائل سے ریاست میں کانگریس کو ناقابل یقین نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاحال کئی سینئر لیڈران پارٹی کو خیرباد کر چکے ہیں جبکہ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے انچارچ مانکیم ٹیگور بھی ان حالات سے واقف رہتے ہوئے ریونت ریڈی کے لئے ایک ایجنٹ کی طرح بنے بیٹھے ہیں اور ہر ایک کارگزاری ان کے لئے پہلے سے طے شدہ ہوتی ہے۔

سینئر کانگریس لیڈر ششی دھرریڈی نے مزید کہا کہ ورنگل میں رعیتو ڈیکلرشن سبھا کے دوران سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کو گمراہ کیا گیا تھا جس کے سبب راہول گاندھی نے جلسہ عام میں بیان کرتے ہوئے تلنگانہ کے سینئر کانگریس لیڈران پر شدید تنقید کی تھی جس کو سن کر انہیں دکھ ہوا۔

ششی دھرریڈی نے کہا کہ 40 سالہ سیاسی کیرئر میں انہوں نے کانگریس پارٹی کے لئے بہت کچھ خدمات انجام دی ہیں اور ان کے والد آنجہانی مری چنا ریڈی نے متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس کو دو مرتبہ اقتدار دلایا تھا جبکہ اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی قومی سطح پر پارٹی کے استحکام کے لئے اکثر مری چنا ریڈی سے مشورے لیا کرتی تھیں۔