ریچھ کے حملہ میں لڑکی کی ہلاکت کا شبہ
ٹی ٹی ڈی چیف ویجلنس اینڈ سیکوریٹی آفیسر ڈی نرسمہا کشور کے مطابق لڑکی نے اپنے والد سے کچھ چیزیں خرید نے کو کہا مگر والدنے انکار کردیا جس کے بعد لڑکی، آگے چلی گئی اور لاپتا ہوگئی۔

تروپتی(اے پی): ایک6 سالہ کمسن لڑکی مردہ حالت میں پائی گئی۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ ہفتہ کے روز تروملا جانے والے راستہ میں جنگلی جانور نے اس پر حملہ کردیا۔
تروملا تروپتی دیواستھانم کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ضلع نیلور کے موضع ڈورنا پاڈو کی رہنے والی لڑکی کی لاش، نرسمہا سوامی مندر کے علاقہ کے قریب پائی گئی عہدیداروں نے بتایا کہ ہمیں شبہ ہے کہ ریچھ نے لڑکی پر حملہ کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کہ لڑکی، اپنے والدین کے ساتھ تروملا جانے کیلئے فٹ وے پر چڑھ رہی تھی۔
ٹی ٹی ڈی چیف ویجلنس اینڈ سیکوریٹی آفیسر ڈی نرسمہا کشور کے مطابق لڑکی نے اپنے والد سے کچھ چیزیں خرید نے کو کہا مگر والدنے انکار کردیا جس کے بعد لڑکی، آگے چلی گئی اور لاپتا ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک بار لڑکی لاپتا ہوگئی مگر اس علاقہ کے دکانداروں نے اس لڑکی کو ڈھونڈنکالا اور پھر اس لڑکی کو اس کے والدین کے حوالہ کردیا تاہم یہ لڑکی دوسری بارلاپتا ہوگئی مگر اس کوتلاش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس مقام سے لڑکی کی لاش ملی ہے، اس مقام پر تیندوے نہیں پائے جاتے تاہم محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے لڑکی پر حملہ کے زخموں کے نشانات کو دیکھ کر شبہ ظاہر کیا کہ جنگلی جانور ریچھ نے یہ حملہ کیا ہے۔
جنگلات کے عہدیداروں نے تیندوے کے حملہ کو خارج کردیا۔ حالیہ دنوں میں تیندوے کے حملہ میں ایک کمسن بچہ کے بچ جانے کے بعد اب اس لڑکی کی موت کا واقعہ سامنے آیا۔