شیوسیناکے اثاثے شنڈے گروپ کو منتقل کرنے کی درخواست مسترد
سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایک درخواست مسترد کردی جس کے ذریعہ حکومت ِ مہاراشٹرا کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی کہ اُدھو ٹھاکرے گروپ کے پاس موجود شیوسینا پارٹی کے تمام اثاثوں کو چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کی زیرقیادت گروپ کو منتقل کیا جائے۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایک درخواست مسترد کردی جس کے ذریعہ حکومت ِ مہاراشٹرا کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی کہ اُدھو ٹھاکرے گروپ کے پاس موجود شیوسینا پارٹی کے تمام اثاثوں کو چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کی زیرقیادت گروپ کو منتقل کیا جائے۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا پر مشتمل بنچ نے درخواست گزار آشیش گری کے مداخلت کے حق پر سوال اٹھاتے ہوئے اس درخواست کو مسترد کردیا۔ آشیش گری پیشہ سے ایک وکیل ہے۔
بنچ نے سوال کیا کہ آپ کون ہیں؟ آپ کو مداخلت کرنے کا کیا حق ہے؟۔ درخواست خارج کی جاتی ہے۔
گری نے کہا کہ عدالت میں درخواست داخل کی گئی تھی کیونکہ اس نے ٹھاکرے اور شنڈے گروپس کے درمیان لڑائی سے متعلق مختلف درخواستوں کی سماعت کی ہے۔
اس نے کہا تھا کہ پارٹی کے اثاثے شنڈے گروپ کو منتقل کئے جانے چاہئیں۔ بنچ نے کہا کہ آخر یہ کیسی درخواست ہے اور آپ کون ہیں۔آپ کی درخواست کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔