بھارت

فرضی کیسس متاثرین کو معاوضہ اور سرکاری نوکری ملے

کانگریس رکن پارلیمنٹ محمد جاوید نے اتوار کے دن کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پرائیویٹ ممبر بل لاناچاہتے ہیں تاکہ غلطی سے جیل میں ڈالے گئے افراد کو معاوضہ ملے اور خاطی ایجنسیوں کے خلاف قانونی کاروائی ہو۔

نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ محمد جاوید نے اتوار کے دن کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پرائیویٹ ممبر بل لاناچاہتے ہیں تاکہ غلطی سے جیل میں ڈالے گئے افراد کو معاوضہ ملے اور خاطی ایجنسیوں کے خلاف قانونی کاروائی ہو۔

بہار کے کشن گنج سے کانگریس کے رکن لوک سبھا محمد جاوید نے کہا کہ ایسے کیسس بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کی جانچ کرنے والے محمد زبیر کو جس طرح نشانہ بنایاگیا، اس سے انہیں یہ بل لانے کی تحریک ملی۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ان گنت کیسس میں لوگوں کو پولیس نے اٹھایا اور جیل میں ڈال دیا۔

شدید ہراسانی کا سامنا کرنے کے بعد یہ لوگ آخرکار بری ہوگئے۔ یہ کئی دہوں سے ہورہا ہے‘ لیکن نریندرمودی کی حکومت میں اس میں اضافہ ہوگیا۔

59 سالہ کانگریس قائد نے کہا کہ اسے ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے پرائیویٹ ممبر بل لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غلطی سے جیلوں میں ڈالے گئے افراد کو معاوضہ ملے اورخاطی عہدیداروں یا سرکاری ایجنسیوں کے خلاف کاروائی ہو۔ متاثرہ افراد کو سرکاری نوکری بھی ملنی چاہئیے۔ محمد زبیر کی گرفتاری کے بارے میں پوچھنے پر جاوید نے کہا کہ میرے فیصلہ کی یہ بھی ایک وجہ ہے۔

چند دن قبل سپریم کورٹ نے کہاتھا کہ ملک کی جیلیں زیرسماعت قیدیوں سے بھری پڑی ہیں۔ ان کی اکثریت کو گرفتار کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ عدالت نے یہ بھی کہاتھاکہ جمہوریت میں پولیس اسٹیٹ کا تاثرنہیں جاناچاہئیے۔ محمدجاوید نے کہاکہ گرفتاری موت اور زندگی کا معاملہ ہوتی ہے۔

یہ نہ صرف گرفتارہونے والے بلکہ اس کے ارکان خاندان‘پڑوس اور اس کے فرقہ اور دوستوں کے حلقوں کو متاثرکرتی ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا وہ یہ بل لانے کیلئے اجازت لیں گے۔ جاوید نے کہا کہ ہررکن پارلیمنٹ کو مسئلہ کی اہمیت کے لحاظ سے پرائیویٹ ممبربل لانے کی اجازت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ ہر ایک کیلئے ہے۔

مسلمانوں کے علاوہ دلت‘ پسماندہ طبقات، قبائلی اور تمام کمزور طبقات بھی اس کا نشانہ بنے ہیں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب حکومت نااہل ہوتی ہے اور اپنی کمزوریاں چھپاناچاہتی ہے۔ جاوید کو ان کی پارٹی کے دو ارکان پارلیمنٹ ششی تھرور اور کارتی چدمبرم کی تائید حاصل ہوگئی ہے۔ جاوید نے دعویٰ کیاکہ انہیں دیگر پارٹیوں کے ارکان کی بھی تائید مل جائے گی۔

a3w
a3w