مجلس بچاؤ تحریک کا پارلیمانی انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ، حیدرآباد نشست کے تعلق سے تجسس ختم
مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) نے آج لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حیدرآباد لوک سبھا نشست سے پارٹی کے ترجمان مسٹر امجد اللہ خان خالد کے مقابلہ کرنے کے بارے میں پائے جانے والے تجسس کو ختم کردیا۔
حیدرآباد: مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) نے آج لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حیدرآباد لوک سبھا نشست سے پارٹی کے ترجمان مسٹر امجد اللہ خان خالد کے مقابلہ کرنے کے بارے میں پائے جانے والے تجسس کو ختم کردیا۔
صدر پارٹی مسٹر مجید اللہ خان فرحت نے آج یہ واضح کردیا کہ فرقہ پرست قوتوں کو شکست دینے کے مقصد سے پارٹی نے جاریہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی سربراہ نے کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے ملت کو متحدہونا ہوگا۔
انہوں نے یہ واضح کیا کہ اگر مجلس بچاؤ تحریک حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرتی ہے تو ہمارے امیدوار کو بہ آسانی دیڑھ لاکھ تا دو لاکھ ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں مگر ہم نہیں چاہتے کہ سیکولر ووٹ منتشر ہوں اور بی جے پی کو اس کا فائدہ پہنچے۔
ملت کے مفاد میں ہم نے انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی ترجمان مسٹر امجد اللہ خان خالد جنہوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے مقابلہ کیا تھا اورانہیں صرف 878 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی‘ پارلیمانی انتخابات میں بھی وہ حیدرآباد سے مقابلہ کرنے کے بارے میں غور کررہے تھے۔
انہوں نے اس کا بالواسطہ اشارہ بھی دیا تھا۔