تلنگانہ

مفت برقی سربراہی کا منصوبہ تیار کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس بات کی ضرورت پرزوردیا کہ ریاستوں کی پالیسیوں کا مطالعہ کرنے‘ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے اور تلنگانہ اسمبلی میں مباحث کے بعد تلنگانہ کیلئے جامع برقی پالیسی متعارف کرائی جائے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس بات کی ضرورت پرزوردیا کہ ریاستوں کی پالیسیوں کا مطالعہ کرنے‘ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے اور تلنگانہ اسمبلی میں مباحث کے بعد تلنگانہ کیلئے جامع برقی پالیسی متعارف کرائی جائے۔

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی‘ چہارشنبہ کے روز سکریٹریٹ میں محکمہ برقی کے عہدیداروں کیساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ‘ریاستی وزراء این اتم کمار ریڈی‘سریدھربابو شریک تھے۔

اجلاس میں برقی کے استعمال‘24گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہی‘برقی پیداوار‘مزید برقی پیدا کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات‘ انتخابات میں گرہاجیوتی اسکیم کے تحت 200 یونٹ برقی کی مفت فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

عہدیداروں نے چیف منسٹر کوریاست میں برقی کی مجموعی پیداوار مختلف کمپنیوں سے برقی کی خریدی‘ ریاست میں برقی کی کھپت‘ ڈسکام کی کارکردگی اور مالیاتی صورتحال سے واقف کروایا۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ برقی کمپنیوں اور الیکٹرسٹی ریگولیٹری کونسل کے درمیان طئے پائے معاہدوں کی تفصیلات اور 2014سے برقی خریداری کے لئے ادا کی گئی قیمتوں کا مکمل مطالعہ کرنے اور اس سلسلہ میں ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

اس کے علاوہ چیف منسٹر نے جاریہ مالی سال کے معاہدوں اوران کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔چیف منسٹر نے سابق میں زائد قیمت پر برقی کی خریداری کے لئے کئے گئے معاہدوں کی وجوہات بھی پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اب ان کمپنیوں سے برقی خریدیں جہاں اوپن مارکٹ سے کم قیمت پر برقی دستیاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ برقی کی مناسب پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے کئی مشکلات اور مسائل پیدا ہورہے ہیں۔انہوں نے عہدیداروں کومختلف ریاستوں میں نافذ برقی پالیسیوں کا بھی مطالعہ کرنے اور کس ریاست میں بہتر برقی پالیسی پر عمل ہورہا ہے اس کی رپورٹ پیش کریں۔

ریڈی نے کہاکہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بہتر برقی پالیسی کو نافذ کرنے کے لئے ہم ماہرین سے بھی مشاورت کریں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی نئی برقی پالیسی پر مشاورت کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ انتخابی وعدے کے مطابق ہم ریاست کے تمام کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کریں گے۔انہوں نے عہدیداروں کوگروہا جیوتی اسکیم کے تحت عوام کوفی کس 200 یونٹ مفت برقی کی فراہمی کا منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔

چیف منسٹر نے عہدیداروں کو حکومت کی جانب سے برقی پیداوار میں اضافہ اورمزید برقی کمپنیوں کے قیام کے امکانات اور زیرالتواء پروجیکٹس کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اجلاس میں انہوں نے برقی کے غلط استعمال کوروکنے اور سربراہی کے معیار کو بڑھانے کی بھی ہدایت دی اورکہاکہ بلاوقفہ برقی کی سربراہی کویقینی بنانے کیلئے وسیع تر اقدامات کریں۔

اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری‘ اسپیشل سکریٹری فینانس ایس رام کرشنا‘ آبپاشی سکریٹری راہل بوجا‘ٹرانسکوسی ایم ڈی مرتضی رضوی‘ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے سی ایم ڈی مشرف فاروقی ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

a3w
a3w