تلنگانہ

منی پورسے 214تلگوطلبہ کی شہرآمد

تلنگانہ اورآندھراپردیش کے 200 سے زائد طلبہ جوتشددزدہ ریاست منی پور میں پھنسے ہوئے تھے‘پیر کے روزخصوصی فلائٹ کے ذریعہ حیدرآبادپہونچے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اورآندھراپردیش کے 200 سے زائد طلبہ جوتشددزدہ ریاست منی پور میں پھنسے ہوئے تھے‘پیر کے روزخصوصی فلائٹ کے ذریعہ حیدرآبادپہونچے۔

متعلقہ خبریں
منی پور کی صورتحال پر وزارت ِ داخلہ میں کل اہم میٹنگ
کانگریس، منی پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت جوڑو نیائے یاترا کا دوسرا دن
منی پور کے چوڑا چندپور میں بند، عام زندگی مفلوج
سی بی آئی کی خصوصی ٹیم منی پور پہنچ گئی
منی پور میں رخصت پر آئے فوجی کا گھر سے اغوا اور قتل

214 تلگو طلبہ کولے کرایک خصوصی طیارہ آج 1:22 بجے دن شمس آبادایرپورٹ پہونچا ان 214میں تلنگانہ کے 106 اور آندھراکے 108 طلبہ شامل ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر لیبر ملاریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ ایرپورٹ پر ان طلبہ کا خیرمقدم کیا۔عہدیداروں نے ان طلبہ کے لئے کھانے اورانہیں ان کے آبائی مقامات تک لے جانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔

بحفاظت پہونچنے کے بعد طلبہ نے راحت کی سانس لی۔ ان طلبہ نے کہاکہ ان کے تعلیمی اداروں کے اطراف تشدد سے وہ اپنی سلامتی کے بارے میں خاصاپریشان تھے۔ صورتحال انتہائی خراب ہے۔ ہم خوف کے سایہ میں زندہ تھے کیونکہ کالج کے اطراف کے مکانات کو دھماکہ سے اڑایا جارہاتھا۔ایک طالب علم نے یہ بات کہی۔

ایک اورطالب علم نے بتایا کہ کالج انتظامیہ لاچاروبے بس تھا۔ مقامی اسٹاف نے ہمیں بے یارومددگارچھوڑدیاتھا۔ سلامتی کے ساتھ منی پور سے یہاں ہمیں لانے پرطلبہ نے چیف منسٹرکے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔ ایک طالبہ سپورتھی نے کہاکہ این آئی ٹی منی پور سے جملہ 26طالبات‘حیدرآباد لوٹ آئی ہیں۔

ایم ایل سی کے کویتا نے طالبات سے فون پر بات کی اوربحفاظت واپس ریاست لانے میں ممکنہ مددکا تیقن دیا۔وزیر لیبر ملاریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے 180 طلبہ منی پور میں پھنسے ہوئے تھے مابقی طلبہ کولکتہ پہونچ چکے ہیں۔ وہ پیر کی رات تک حیدرآبادپہونچ جائیں گے۔چیف منسٹرکے سی آر کی ہدایت پر چیف سکریٹری شانتی کماری اورڈی جی پی انجنی کمار نے منی پور کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط پیدا کیا۔

بی آرایس حکومت نے ریاست کے طلبہ کولانے کے لئے خصوصی طیارہ کانظم کیااور تمام طلبہ کے سفری اخراجات حکومت نے برداشت کئے ہیں۔پی ٹی آئی کے مطابق تشدد سے متاثرریاست منی پور میں پھنسے اے پی کے 157 طلبہ کوبحفاظت ریاست واپس لانے کے لئے حکومت آندھراپردیش نے پیر کے روز دوخصوصی فلائٹس کا نظم کیا ہے۔یہ فلائٹس حیدرآباداور کولکتہ میں لینڈ کریں گی جہاں سے ان طلبہ کوان کے آبائی مقامات تک منتقل کیا جائے گا

۔حکومت کے مطابق ملک کی شمال مشرقی ریاست کے کئی علاقوں میں مختلف تعلیمی اداروں میں جیسے این آئی ٹی‘آئی آئی آئی ٹی اور سنٹرل اگریکلچریونیورسٹی میں آندھراپردیش کے تقریباً160 طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔منی پور کے مختلف مقامات میں موجوداے پی کے طلبہ کی شناخت اور انہیں ریاست واپس لانے کے لئے حکومت نے دہلی میں اے پی بھون میں کنٹرول روم قائم کیاہے۔

اے پی بھون سے عہدیداروں کی ایک ٹیم کوکولکتہ میں تعینات کیاگیاہے جہاں یہ ٹیم منی پور سے کولکتہ پہونچنے والے ریاست کے طلبہ کو نہ صرف خوش آمدید کہے گی بلکہ ان طلبہ کو کنکٹینک فلائٹ کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کرنے میں ان کی مدد اوررہنمائی کرے گی۔ حیدرآبادایرپورٹ پہونچنے کے بعد اے پی اور تلنگانہ آرٹی سی بسوں کے ذریعہ ان طلبہ کو ان کے آبائی مقامات تک پہونچایاجائے گا۔