ویزاک میں ہوٹل پر پولیس دھاوا قابل مذمت:چندرا بابو نائیڈو
نائیڈو نے وشاکھا پٹنم ایر پورٹ پر ہفتہ کے واقعہ میں جنا سینا قائدین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ایر پورٹ پر وائی ایس آر سی پی کے قافلہ پر سنگباری کے بعد پولیس نے جو طریقہ کار اپنایا ہے وہ غلط تھا۔

امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے اتوار کے روز وشاکھا پٹنم میں ایک ہوٹل پر جہاں جنا سینا پارٹی کے سربراہ و اداکار پون کلیان اور پارٹی کے دیگر قائدین مقیم تھے، پولیس دھاؤے کی مذمت کی۔ سابق چیف منسٹر نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل کی تلاشی، حکومت آندھراپردیش کی آمرانہ رویہ کی عکاسی ہے۔
نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت، غیر جمہوری طریقوں کو اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنا سینا پارٹی کے ”جنا وانی“ پروگرام کو درہم برہم کرنے کے مقصد کے تحت حکومت نے یہ کاروائی کی ہے۔ جو قابل مذمت ہے۔
نائیڈو نے وشاکھا پٹنم ایر پورٹ پر ہفتہ کے واقعہ میں جنا سینا قائدین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ایر پورٹ پر وائی ایس آر سی پی کے قافلہ پر سنگباری کے بعد پولیس نے جو طریقہ کار اپنایا ہے وہ غلط تھا۔ ہفتہ کے روز یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان، ایر پورٹ پہنچے۔
اس دوران ریاستی وزیر آر کے روجا اور حکمراں جماعت کے قائدین تین صدر مقامات کی تائید میں منعقدہ ریالی میں شرکت کے بعد ایر پورٹ سے روانہ ہورہے تھے۔ اس ریالی کا اہتمام حکمراں جماعت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ نائیڈو نے جنا سینا پارٹی کے گرفتار تمام قائدین کو فوری اثر کے ساتھ رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔