حیدرآباد

مودی حکومت، مسلم عہدیداروں کو ’آئی بی‘ اور ’را‘ سے ہٹا رہی ہے: اسد الدین اویسی

رکن لوک سبھا اور اے آئی ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک کی صف ِ اوّل کی انٹلیجنس ایجنسیوں جیسے انٹلیجنس بیورو اور ریسرچ اینڈ انالیسس وِنگ (را) کے معاملہ میں مسلمانوں کے ساتھ جانبداری برت رہی ہے۔

حیدرآباد: رکن لوک سبھا اور اے آئی ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک کی صف ِ اوّل کی انٹلیجنس ایجنسیوں جیسے انٹلیجنس بیورو اور ریسرچ اینڈ انالیسس وِنگ (را) کے معاملہ میں مسلمانوں کے ساتھ جانبداری برت رہی ہے۔

اویسی نے ایک اخباری اطلاع کے حوالے سے الزام لگایا کہ حکمراں جماعت مسلمانوں سے مسلسل وفاداری کا ثبوت طلب کرتی رہتی ہے۔ وہ لوگ مسلمانوں کو کبھی بھی مساوی ساتھی شہری کے طور پر قبول نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ انٹلیجنس بیورو کی سینئر قیادت میں کوئی مسلم عہدیدار نہیں رہے گا۔

یہ اُس شبہ کی عکاسی ہے جس کے ساتھ بی جے پی مسلمانوں کو دیکھتی ہے۔ آئی بی اور را خصوصی اکثریتی ادارے بن گئے ہیں۔ آپ لوگ مسلمانوں سے مسلسل وفاداری کا ثبوت طلب کرتے رہتے ہیں، لیکن انھیں ساتھی شہری کے طور پر قبول نہیں کرتے۔ اویسی نے اخبار ”ایشین ایج“ کی رپورٹ شیئر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں بعد آئی بی میں کوئی بھی سینئر مسلم آئی پی ایس عہدیدار کسی اہم عہدہ پر نہیں رہے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آخری سینئر مسلم آئی پی ایس عہدیدار ایس اے رضوی تھے، جو اسپیشل ڈائرکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔ انھیں بحیثیت ِ مشیر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کو منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ بات علم میں آئی ہے کہ حالیہ برسوں میں آئی بی میں مسلم آئی پی ایس عہدیداروں کی تعداد میں قابل لحاظ کمی آئی ہے۔

اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس جب آسام کیڈر کے آئی پی ایس عہدیدار آصف ابراہیم آئی بی ڈائرکٹر کے عہدے تک پہنچ سکتے تھے یا پھر رفیع العالم ایجنسی میں تعیناتی کے دوران کلیدی عہدوں پر فائز رہ سکتے تھے۔ شفیع احسن رضوی اترپردیش کیڈر کے 1989ء بیاچ کے آئی پی ایس عہدیدار ہیں۔

ڈپارٹمنٹ اور پرسونل اینڈ ٹریننگ کے حکم کے مطابق ان کے تقرر کو وزارتِ داخلہ کی جانب سے منظوری دی گئی تھی۔ کابینہ کی تقررات کمیٹی نے شفیع احسن رضوی آئی پی ایس کی موجودہ میعاد کو گھٹانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔

وہ آئی بی کے تجربہ کار عہدیدار ہیں جو خصوصی ڈائرکٹر کی حیثیت سے کام کررہے تھے اور انہیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (این ڈی ایم اے) میں مشیر مقرر کیا گیا ہے اور ان کے عہدہ کو عارضی طور پر لیول 14 سے بڑھاکر لیول 16 کردیا گیا ہے۔ ایس اے رضوی کو جاریہ سال جون میں ایڈیشنل ڈائرکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

a3w
a3w