مودی پر عوامی دولت کو دوست سرمایہ داروں میں تقسیم کا الزام، کانگریس کی ستیہ گرہ
اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت برخاست کردینے کے خلاف کانگریس کی جانب سے آج گاندھی بھون میں ستیہ گرہ کی گئی۔

حیدرآباد: اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت برخاست کردینے کے خلاف کانگریس کی جانب سے آج گاندھی بھون میں ستیہ گرہ کی گئی۔ جس میں این اتم کمار ریڈی ایم پی، سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید، چیرمین راجیو گاندھی پنچایت راج شعبہ شریمتی میناکشی نٹراجن سابق ایم پی، وی ہنمنت راؤ سابق ایم پی و دیگر قائدین نے حصہ لیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ملک کی دولت سے اپنے چند دوست سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ جب راہول گاندھی نے ایک اپوزیشن قائد کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں اس پر سوال کیا تو انہیں منصوبہ بند سازش کے تحت لوک سبھا کی رکنیت سے برخاست کردیا گیا۔
جبکہ کانگریس نے اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں مباحث کرنے اور تحقیقات کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر ملک کے عوام راہول گاندھی کے ساتھ ہیں۔ راہول کی حق گوئی اور سچائی سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور مودی، پارلیمنٹ میں راہول گاندھی کا سامنا کرنے تیار نہیں ہیں۔
اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر قومی دولت بندرگاہیں، ایل آئی سی، بینکس اور دیگر ادارے اپنے دوستوں کو فروخت کرنے کے خلاف بے باکی کے ساتھ آواز بلند کررہے ہیں لیکن بی جے پی اور مودی، راہول گاندھی کا سامنا کرنے تیار نہیں ہیں اور غیر دستوری وغیر جمہوری طریقہ سے راہول گاندھی کی آواز کو دبانے کیلئے ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو برخاست کرادیا۔
جس کے خلاف ملک بھر میں کانگریس پارٹی ستیہ گرہ اور احتجاج بلند کررہی ہے۔ انہوں نے راہول پر او بی سی طبقہ کی توہین کرنے سے متعلق بی جے پی قائدین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی، مودی حکومت پر عائد الزامات سے توجہ ہٹانے کیلئے مذہب اور ذات پات کا استعمال کررہی ہے۔
سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ سیاسی مفادات کیلئے مذہب کا استعمال کرتے ہوئے پرامن حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں اور اپنی آمرانہ طرز حکمرانی سے ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
تاکہ کوئی بھی بی جے پی حکومت کی بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے خلاف آواز نہ اٹھاسکے تاہم راہول گاندھی بے باک اور بے خوف ہو کر مودی حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف آوام بلند کررہے ہیں۔
جس سے آج بی جے پی قائدین پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔ ہنمنت راؤ سابق ایم پی، سابق وزیر جی چنا ریڈی، صدر مہیلا وبھاگ سنیتا راؤ، کارگزار صدر مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔