تلنگانہ

مہنگائی کے خلاف تلنگانہ میں 5/اگست کو کانگریس کا دھرنا

آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی ہدایت پر پردیش کانگریس تلنگانہ نے5 / اگست کو ریاست گیر پیمانے پر دھرنا پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی ہدایت پر پردیش کانگریس تلنگانہ نے5 / اگست کو ریاست گیر پیمانے پر دھرنا پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے پارٹی کے تمام کارکنوں اور قائدین کو ہدایت دی کہ وہ مہنگائی کے خلاف 5/ اگست کو منعقد شدنی دھرنا پروگرام میں شرکت کریں۔

اشیائے ضروریہ، پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کے خلاف کل ہند کانگریس کمیٹی نے تمام ریاستوں کو5/ اگست کو احتجاجی پروگرام منظم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر بڑھتی مہنگائی کے خلاف تلنگانہ میں بھی احتجاج منظم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس ٹی میں اضافہ کے خلاف بھی احتجاج ہمارا مقصد ہے۔ جی ایس ٹی میں اضافہ سے عام آدمی پر بوجھ میں اضافہ ہوا ہے۔ بیروزگای کی شرح برھ رہی ہے۔ جبکہ ملک کی معیشت سست روی کاشکار ہوچکی ہے۔

اگنی پتھ اسکیم، مہنگائی، جی ایس ٹی اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کا کانگریس پارٹی5/ اگست کو گاؤں سے شہر سطح تک احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کرے گی۔ اس دھرنے کے دوران کانگریس پارٹی، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تساہلانہ رویہ کو بھی اجاگر کرے گی۔ دونوں حکومتیں حالیہ سیلاب زدگان کو راحت پہنچانے میں یکسر ناکام رہی ہیں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ حالیہ شدید بارش اور سیلاب سے ریاست میں 20لاکھ ایکراراضی پر محیط فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیگر نقصانات کا تخمینہ2ہزار کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔

متاثرین اور کسانوں کو معاوضہ ملنے تک پارٹی کارکنوں کو ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے خلاف اپنی لڑائی کو جاری رکھنا ہوگا۔

اے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس، شہر حیدرآباد میں بھی دھرنا پروگرام منظم کرے گی۔ پارٹی کے کارگذار صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حیدرآباد میں منعقد شدنی احتجاج میں اے ریونت ریڈی اور سی ایل پی قائد ملوبھٹی وکرامارکہ اور دیگر شرکت کریں گے۔