تلنگانہ

تلنگانہ میں عوام 13 تا 15 اگست گھروں پر ترنگا لہرائیں : کشن ریڈی

مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے ریاست تلنگانہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے حصہ کے طور پر13 تا15 اگست کے درمیان اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے ریاست تلنگانہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے حصہ کے طور پر13 تا15 اگست کے درمیان اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں۔

مرکزی حکومت کی جانب سے آزادی کاامرت مہا اتسو پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ شہر میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت آزادی کا امرت مہا اتسو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کمیٹی میں 250 ارکان کا تقرر کیا گیا ہے۔

ریڈی نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی ملی۔ تمام قائدین کو سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس سال، جشن آزادی کو بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرنے اور ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کیلئے ملک کے طول وعرض میں مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 2047 میں ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے جو تمام ہندوستانیوں کیلئے تاریخی لمحہ رہے گا۔

ریڈی نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کریں گے اور اس دوران تمام وزرائے اعلیٰ سے خواہش کریں گے کہ ”ہر گھر ترنگا“۔”گھر گھر ترنگا“ نعرے کے ساتھ قومی پرچم لہرانے کا پروگرام منعقد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حب الوطنی پر مبنی گیت2/ اگست کو جاری کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، اور امیت شاہ، پنگلی وینکیا، کے افراد خاندان کو تہنیت پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی کے لمباسنگی کے مقام پر 35کروڑ کے مصارف سے الوری سیتا راما راجو میوزیم قائم کیا جائے گا۔