نئی دہلی: بی جے پی پر سخت تنقید میں کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے جمعہ کے دن کہا کہ ایک شہید وزیراعظم کے بیٹے راہول گاندھی کو میرجعفر کہا جارہا ہے اور اس کے خاندان کی تذلیل کی جارہی ہے لیکن وہ جھکے گا نہیں کیونکہ اس کا تعلق اس خاندان سے ہے جس کے ارکان نے اپنے خون سے جمہوریت کو سینچا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر کو لوک سبھا سے نااہل قراردیئے جانے کے بعد پرینکا گاندھی کا یہ ردعمل سامنے آیا۔ سلسلہ وار ٹویٹس میں پرینکا گاندھی نے وزیراعظم مودی پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ نریندر مودی جی آپ کے چاپلوس‘ ایک شہید وزیراعظم کے بیٹے کو میرجعفر کہتے ہیں۔
آپ کا ایک چیف منسٹر سوال اٹھاتا ہے کہ راہول گاندھی کا باپ کون ہے؟۔ کشمیری پنڈتوں کی روایت کے مطابق باپ کے گزرجانے کے بعد بیٹا پگڑی پہن لیتا ہے اور اپنے خاندان کی روایت برقرار رکھتا ہے۔
مودی جی ہمارے پورے خاندان اور کشمیری پنڈت برادری کی توہین کرتے ہوئے آپ نے پارلیمنٹ میں پوچھا تھا کہ ہم نہرو کا نام اپنے نام کے ساتھ کیوں نہیں لگاتے لیکن آپ کو کسی بھی جج نے 2 سال کی سزا نہیں سنائی۔ کیا آپ اس سے پارلیمنٹ سے نااہل قرارنہیں پاتے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ راہول گاندھی سچا محب وطن ہے اور اس نے اڈانی گروپ کی لوٹ مار پر سوال اٹھائے۔
پرینکا گاندھی نے پوچھا کہ مودی جی کیا آپ کا دوست گوتم اڈانی‘ ملک کی پارلیمنٹ اور ملک کے عظیم عوام سے بھی بڑا ہوگیا ہے کہ اس کی لوٹ مار پر سوال اٹھانے پر آپ ہل کر رہ جاتے ہیں۔ آپ میری فیملی کو گھرانہ شاہی کہتے ہیں۔ نوٹ کیجئے اس خاندان نے اپنا خون دے کر ہندوستان کی جمہوریت کو سینچا ہے۔
اس خاندان نے ہندوستان کی جنتا کی آواز اٹھائی اور نسلوں سے سچائی کے لئے جدوجہد کررہا ہے۔ ہماری رگوں میں بہنے والے خون کی ایک خاصیت ہے کہ وہ آپ جیسے بزدل‘اقتدارکے بھوکے آمر کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکتا۔ آپ کو جو کرنا ہے کرلیں۔