میٹرو اسٹیشن کے باہر بی جے پی قائدین نے بھیک مانگی
گریجویشن تقریب کے ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے بی جے پی یووا مورچہ کے کارکنوں نے ہاتھوں میں کشکول لئے میٹرو اسٹیشن کے باہر گداگری کی۔

حیدرآباد: ریاست میں بڑھتی بے روزگاری کے خلاف بی جے پی کے نوجوان قائدین نے انوکھے انداز میں احتجاج کیا۔
گریجویشن تقریب کے ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے بی جے پی یووا مورچہ کے کارکنوں نے ہاتھوں میں کشکول لئے میٹرو اسٹیشن کے باہر گداگری کی۔
بی جے پی میڑچل کے سکریٹری اے وجیت ورما کی قیادت میں میٹرو ریل مسافرین سے بھیک مانگتے ہوئے علامتی احتجاج کیا گیا۔
خود کو گریجویٹ، بھکاری قراردیتے ہوئے بی جے پی کارکنوں کے ہاتھوں میں ریاست میں بڑھتی بے روزگاری کے متعلق پلے کارڈس تھے۔
احتجاجی قائدین نے بی آر ایس حکومت کو یاد دلایا کہ کس طرح بے روزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ جاری کرنے کے وعدے کو فراموش کردیا گیا ہے۔
بی جے پی کارکنوں نے مسافرین کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ کس طرح کے چندر شیکھر راؤ کی بی آر ایس حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو بھکاری بننے پر مجبور کردیا ہے۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے اس احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیا۔