مہاراشٹرا

نونیت رانا اور ان کے شوہر کے خلاف دائر درخواست خارج

ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے خلاف معاملات کی سماعت کرنے والے خصوصی جج آر این روکڑے نے جوڑے کے خلاف ممبئی پولیس کی جانب سے دائر عرضی کو 22/ اگست کو خارج کردیا۔

ممبئی: ممبئی کی ایک عدالت نے آزاد ایم پی نونیت رانا اور ان کے رکن اسمبلی شوہر روی رانا کے خلاف دائر ایک عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحقیقات متاثر نہ ہو تو صرف ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی سے ضمانت منسوخ نہیں کی جاسکتی۔

عدالت نے رانا جوڑے کو عطا کردہ ضمانت منسوخ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ضمانت منسوخ کرنے کے لیے ”بے حد سنگین“ حالات ہونا ضروری ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے خلاف معاملات کی سماعت کرنے والے خصوصی جج آر این روکڑے نے جوڑے کے خلاف ممبئی پولیس کی جانب سے دائر عرضی کو 22/ اگست کو خارج کردیا۔

 عدالت کے تفصیلی احکام کی نقل جمعہ کو حاصل ہوئی۔ مہاراشٹرا کے امراوتی سے لوک سبھا رکن نونیت رانا اور ان کے شوہر اور امراوتی ضلع کے بڈنیرا سے آزاد رکن اسمبلی روی رانا نے سابق چیف منسٹر کی نجی رہائش گاہ کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں 23/ اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔