مہاراشٹرا

وی ایچ پی نتھورام گوڈسے کی مذمت کرکے دکھائے: کامیڈین کنال کامرا

کنال کامرا نے کہاکہ اگر تم لوگ (وی ایچ پی والے) بھارت ماتا کے بیٹے ہوتو گوڈسے مردہ باد کے پیام بھیجو۔ اگر تم نے ایسا نہ کیاتو تم مخالف ہندو اور دہشت گردی کے حامی سمجھے جاؤ گے۔

ممبئی: ہندو تنظیموں کی دھمکی پر گروگرام کے بار میں اپنے شوز منسوخ ہونے کے چند دن بعد اسٹانڈاپ کامیڈین کنال کامرا نے اتوار کے دن وشوا ہندوپریشد کو کھلا خط  لکھ کر چیالنج کیاکہ وہ مہاتماگاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی مذمت کرے۔

بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت پر سابق میں کئی مرتبہ تنقید کرچکے کامیڈین نے خود کو وی ایچ پی سے بڑا ہندو بتایا کیونکہ وہ خوف طاری کرکے‘دھمکیاں دے کر اپنی روٹی روزی نہیں کماتے۔ کنال کامرا نے لکھا کہ میں بلندآواز میں جئے سری سیتارام اور جئے رادھا کرشن کے نعرے لگاتے ہوں اور اس پر فخر کرتا ہوں۔

 اگر تم لوگ (وی ایچ پی والے) بھارت ماتا کے بیٹے ہوتو گوڈسے مردہ باد کے پیام بھیجو۔ اگر تم نے ایسا نہ کیاتو تم مخالف ہندو اور دہشت گردی کے حامی سمجھے جاؤ گے۔ کنال کامرا نے وی ایچ پی کے ٹوئٹرہینڈل کو ٹیاگ کرتے ہوئے ہندی میں لکھا کہ مجھ سے یہ نہ کہو کہ تم گوڈسے کو بھگوان سمجھتے ہو۔

اگر یہ صحیح ہے تو مستقبل میں بھی میرے شو منسوخ کراتے رہو۔ مجھے‘ اس آزمائش میں تم سے بڑا ہندو بن کر ابھرنے میں خوشی ہوگی۔ میں جو بھی کرتا ہوں اپنی محنت کی روٹی کھاتا ہوں کیونکہ میں تم سے بڑا ہندو ہوں۔ میں‘ کسی کو دھمکیاں دینے اور خوف پھیلاتے ہوئے جینے کو پاپ(گناہ) سمجھتا ہوں۔

کنال کامرا 17 ا ور18 ستمبر کو گروگرام (ہریانہ) کے سیکٹر29کے Xo بار میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے تھے لیکن وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے جمعہ کے دن تحصیلدار کے توسط سے ڈپٹی کشمنرنشانت کماریادو کو یادداشت پیش کی اور یہ کہتے ہوئے  شو کی منسوخی کا مطالبہ کیاکہ کنال کامرا اپنے شو میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتا ہے جو غلط ہے۔

 کنال کامرا نے اپنے مکتوب میں دایاں بازو تنظیموں سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ وہ ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑانے کا ثبوت پیش کرے۔ انہوں نے لکھا کہ ایسی کوئی کلپ ہے تو مجھے بھی دکھائی جائے۔ میں صرف حکومت کا مذاق اڑاتا ہوں۔ یہاں ہندو دھرم کی بات ہی نہیں ہے۔