شمال مشرق

ای ڈی نے ٹی ایم سی قائد ابھیشک بنرجی کی سالی کو ایرپورٹ پر روک لیا

سمجھا جاتا ہے کہ وہ کل رات لگ بھگ 10:30بجے ایرپورٹ سے کولکتہ میں اپنے گھر لوٹ گئیں۔ منیکا سے ای ڈی نے اب تک پوچھ تاچھ نہیں کی تھی جبکہ سی بی آئی ان سے اس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔

نئی دہلی/کولکتہ: ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشک بنرجی کی سالی منیکاگمبھیر کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کی شام کولکتہ ایرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا اور منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کیلئے ایجنسی میں حاضرہونے کو کہا۔ منیکا گمبھیر کل رات لگ بھگ9 بجے بنکاک جانے والی پرواز میں سوارہونے کیلئے ایرپورٹ پہنچیں تھیں۔

 ذرائع نے اتوار کے دن بتایاکہ انہیں لک آؤٹ سرکولر(ایل اوسی) کی بنیاد پر ایمگریشن کلیئرنس نہیں دیاگیا۔ ایمگریشن حکام نے انہیں روک لیا اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو اطلاع دی۔ ای ڈی عہدیدار ایرپورٹ پہنچے۔ انہوں نے منیکا سے بات کی اور ایک سمن ان کے حوالے کیاکہ وہ 12 ستمبر(پیر) کو 11بجے دن اس کے دفتر سالٹ لیک ایریا(کولکتہ) میں حاضر ہوں تاکہ ان سے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی جائے۔

 سمجھا جاتا ہے کہ وہ کل رات لگ بھگ 10:30بجے ایرپورٹ سے کولکتہ میں اپنے گھر لوٹ گئیں۔ منیکا سے ای ڈی نے اب تک پوچھ تاچھ نہیں کی تھی جبکہ سی بی آئی ان سے اس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔

کلکتہ ہائی کورٹ نے اگست میں ای ڈی کو ہدایت دی تھی کہ منیکا سے پوچھ تاچھ اس کے کولکتہ ریجنل آفس میں کی جائے‘دہلی میں نہیں۔ اگلی تاریخ سماعت تک منیکا کے ساتھ کوئی سختی نہ برتی جائے۔