پروفیسر سید فضل اللہ مکرم (جگتیال) کو کارنامہ حیات ایوارڈ
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے پروفیسر سید فضل اللہ مکرم‘ شعبہ اردو‘ یونیورسٹی آف حیدرآباد کو سال 2018 کے لئے تحقیق وتنقید کے زمرے میں کارنامہ حیات ایوارڈ ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ سے نوازا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے پروفیسر سید فضل اللہ مکرم‘ شعبہ اردو‘ یونیورسٹی آف حیدرآباد کو سال 2018 کے لئے تحقیق وتنقید کے زمرے میں کارنامہ حیات ایوارڈ ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ سے نوازا ہے۔
یہ ایوارڈ اتوار رویندرا بھارتی آڈیٹوریم میں تلنگانہ کے ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی کے ہاتھوں دیا گیا۔ جو توصیفی سند‘ مومنٹو اور مبلغ 50 ہزار روپیوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر چیرمین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی جناب مجیب احمد نے گلپوشی کی جبکہ چیرمین اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے شال پوشی کی۔
پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کا تعلق جگتیال سے ہے۔ وہ‘ جناب سید سمیع اللہ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج جگتیال کے فرزند ہیں۔ آپ کی تعلیم گورنمنٹ پرائمری و ہائی اسکول فورٹ جگتیال میں ہوئی جبکہ گریجویشن کی تکمیل گورنمنٹ ڈگری کالج جگتیال سے ہوئی اور اعلیٰ تعلیم شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد سے حاصل کی۔
وہ کئی ایک کتابوں کے مصنف ہیں اور 15 نصابی کتابوں کے چیف ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ان ہی کی ادارت میں جنوبی ہند کا پہلا ادبی پورٹل ’جہان اردو ڈاٹ کام‘ جاری ہے۔
ایک درجن سے زائد ریسرچ اسکالرز نے آپ کی نگرانی میں تحقیقی مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ آپ کے تحقیقی اور تنقیدی مضامین ملک اور بیرون ملک کے جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔
تقریب کے موقع پر افرادِ خاندان کے علاوہ دوست احباب‘ طلباء و ریسرچ اسکالرزاور اساتذہ نے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔