کویتا نے کجریوال اور سسوڈیہ کے ساتھ سازش کی، دہلی کی حکمراں جماعت کو100 کروڑ کی ادائیگی
ایم ایل سی کے کویتا جو تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی دختر ہیں‘ کوای ڈی نے گزشتہ ہفتہ حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں ان کے مکان سے گرفتار کیاتھا۔
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے پیر کے روز الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائد کے کویتا اور چنددیگر نے دہلی کی حکمراں جماعت کو ایک سو(100)کروڑروپے ادا کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سرکردہ قائدین جن میں ارویندکیجریوال اورمنیش سسوڈیہ بھی شامل ہیں‘ کے ساتھ سازش کی تاکہ دہلی شراب پالیسی جسے منسوخ کردیاگیا ہے‘سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
46سالہ ایم ایل سی کے کویتا جو تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی دختر ہیں‘ کوای ڈی نے گزشتہ ہفتہ حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں ان کے مکان سے گرفتار کیاتھا۔
فی الوقت وہ 23 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں ہیں۔ای ڈی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلاہے کہ کویتا اوردیگر نے عام آدمی پارٹی کے اعلی قائدین جن میں کیجریوال اور سسوڈیہ شامل ہیں‘کے ساتھ ایک سازش کی تاکہ دہلی شراب پالیسی کی تشکیل اوراس کے نفاذ میں فائدہ اٹھایا جاسکے۔
شراب پالیسی سے فائدہ اٹھانے کے عوض وہ عام آدمی پارٹی کے قائدین کو100کروڑ روپے کی ادائیگی معاملہ میں ملوث پائی گئیں۔ ایجنسی نے یہ بات بتائی۔
فیڈرل ایجنسی نے بتایا کہ دہلی شراب پالیسی 2021-22 کی تشکیل اوراس کے نفاذ میں بدعنوانی اور سازش کے عمل کے ذریعہ عام آدمی پارٹی کو ہول سیلرس سے غیر قانونی فنڈ جورشوت کی شکل تھا‘ملنے کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ کویتا‘ شراب پالیسی سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس کی اصل سازشی ہیں۔
قبل ازیں بی آر ایس ایم ایل سی نے کہاتھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیاہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ”ای ڈی کااستعمال“ کرتے ہوئے تلنگانہ میں سیاسی فائدہ اٹھاناچاہتی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے کہاکہ بی جے پی‘ای ڈی اور سی بی آئی کواستعمال کرتے ہوئے سیاسی حریفوں کوختم کرناچاہتی ہے۔