حیدرآباد

جنیفر لارسن نے حیدرآباد کی نئی امریکی قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھال لی

جنیفر نے کہاکہ انہوں نے پانچ سال تک ممبئی اور واشنگٹن سے امریکہ۔ہند تعلقات پر کام کیا ہے۔اب ان کو تلنگانہ، اے پی اور اوڈیشہ میں اس شراکت داری کی توسیع کا موقع حاصل ہوا ہے۔

حیدرآباد: جنیفر لارسن نے حیدرآباد میں نئی امریکی قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھال لی۔لارسن جنہوں نے قبل ازیں ڈپٹی پرنسپل آفیسر امریکی قونصلیٹ جنرل ممبئی اور کارگذار ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری برائے ہند کے طورپرخدمات انجام دی تھیں،اپنی معیاد کے آغاز کے لئے حیدرآباد پہنچیں۔ایک سرکاری ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔

انہوں نے کہا ”حیدرآباد میں آکر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔“جنیفر نے کہاکہ انہوں نے پانچ سال تک ممبئی اور واشنگٹن سے امریکہ۔ہند تعلقات پر کام کیا ہے۔اب ان کو تلنگانہ، اے پی اور اوڈیشہ میں اس شراکت داری کی توسیع کا موقع حاصل ہوا ہے۔مشترکہ فوجی مشقوں،تجارتی معاہدات،ثقافتی تبادلوں اور اعلی تعلیم تک ہند۔امریکہ تعلقات میں توسیع ہوئی ہے اور حیدرآباد میں یہ تعلقات گہرے ہوئے ہیں۔

قونصل جنرل لارسن کو 19سالہ سفارتی تجربہ ہے۔انہوں نے واشنگٹن میں حالیہ دنوں تک کارگزارڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری برائے ہند کے طورپر بھی خدمات انجام دی تھیں جہاں انہوں نے اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ فاربیورو آف ساوتھ اینڈسنٹرل ایشیین افیرس میں ہند۔امریکہ پالیسی کی تیاری اور اس پرعمل کے سلسلہ میں تعاون کیا۔

انہوں نے جاریہ سال مارچ میں حیدرآباد کے انڈین اسکول آف بزنس کی جانب سے منعقدہ مابعد کوویڈ ورلڈ آرڈر میں انڈو۔پیسیفک ریجنل کواپریشن کے لئے روڈ میپ کی تیاری کے سلسلہ میں ہوئی کانفرنس میں اظہار خیال بھی کیا تھا۔

جنیفر نے 2016-2020 تک ڈپٹی پرنسپل آفیسر امریکہ قونصلیٹ جنرل ممبئی کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔یہ عہدہ قونصلیٹ میں دوسرا بڑا عہدہ ہے۔وہ بیورو آف نیر ایسٹرن افیرس واشنگٹن ڈی سی کی ترجمان بھی رہی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے لیبیا، پاکستان، فرانس، سوڈان، یروشلم اور لبنان میں بھی خدمات انجام دی۔