کھار گھر میں لو لگنے سے 50 تا 75 افراد فوت
نوی ممبئی میں ایوارڈ فنکشن میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گرمی کی لو لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہے تاہم شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ سانحہ میں 50 تا 75 افراد فوت ہوئے انھوں نے مہاراشٹرا حکومت پر متوفیوں کی حقیقی تعداد چھپانے کا الزام لگایا۔
ممبئی: نوی ممبئی میں ایوارڈ فنکشن میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گرمی کی لو لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہے تاہم شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ سانحہ میں 50 تا 75 افراد فوت ہوئے انھوں نے مہاراشٹرا حکومت پر متوفیوں کی حقیقی تعداد چھپانے کا الزام لگایا۔
راوت نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے رائے گڑھ ضلع میں ارن، شری وردھن، روہا اور من گاوں تعلقوں میں اپنی پارٹی کارکنوں سے بات چیت کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ کھار گھر میں فوت ہونے والے افراد کی تعداد حکومت کے اعلان سے زیادہ ہے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ممبئی کے پڑوسی ضلع رائے گڑھ میں اتوار کے دن کھار گھر علاقہ میں منعقدہ مہاراشٹرا بھوشن ایوارڈ تقریب کے دوران گرمی کی لو لگنے سے 14 افراد فوت ہوگئے۔
یہ فنکشن ایک کھلے میدان پر منعقد کیا گیا اور کئی لاکھ افراد نے اس میں شرکت کی جن میں سے بیشتر سماجی کارکن اپا صاحب دھرم ادھیکاری کے حامی تھے جنہیں مرکزی وزیر امیت شاہ نے تقریب میں مہاراشٹرا بھوشن ایوارڈ پیش کیا۔
راوت نے ریاستی حکومت پر اموات کی حقیقی تعدادکو چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر آپ تمام مواضعات (رائے گڑھ) میں تعلقہ جات کی کل تعداد کو دیکھیں تو کم سے کم 50 اور زیادہ سے زیادہ 75 افراد فوت ہوئے۔ کھوکے سرکار (ادھو ٹھاکرے زیر قیادت شیوسینا کی جانب سے ایکناتھ شنڈے زیر قیادت حکومت کا مضحکہ اڑانے کے لئے استعمال کی جانے والی اصطلاح)کے لوگ ان کے گھر پہنچے اور خاندان کے اراکین کی آواز کو دبایا۔
راجیہ سبھا کے رکن نے الزام لگایا کہ یہ ایک ظالم حکومت ہے اور یہ اقتدار پر رہنے کا کوئی حق نہیں رکھتی۔ حکومت کو فوری استعفیٰ دینا چاہئے۔ راوت نے مہاراشٹرا کانگریس کے صدر نانا پٹولے کے سانحہ پر بحث کے لئے ریاستی مقننہ کے دو روزہ خصوصی اجلاس کے مطالبہ کی تائید کی اپوزیشن جماعتوں نے اموات پر شنڈے حکومت کی مذمت کرتے ہوئے اس پر بدانتظامی کا الزام لگایا۔
اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن اجیت پوار نے اس بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا کہ یہ ایوارڈ تقریب دوپہر کے دوران کیوں منعقد کی گئی جب درجہ حرارت نہایت زیادہ تھا۔
روات نے چہارشنبہ کے دن مطالبہ کیا تھا کہ چیف منسٹر شنڈے کے خلاف مستوجب سزاء قتل نفس کا کیس درج کیا جائے شری پریوار (دھرم ادھیکاری آرگنائزیشن) کے کئی حامی جمعہ کے دن تقریب کے مقام پر پہنچے اور اتوار کو میدان پر قریب 1:30 بجے دن فنکشن ختم ہونے تک ٹھرے رہے وسیع مقام پر چند افراد نے چکر اور دیگر نے صحت کی دیگر پیچیدگیوں کی شکایت کی چند بیہوش ہوکر میدان پر گر پڑے ابتداء میں ان کا عارضی طبی سہولت میں علاج کیا گیا بعد ازاں دواخانوں کو بھیجا گیا۔