اڈیشہ کے وزیر صحت نبا داس کا گولی مارکر قتل
اڈیشہ کے صحت و خاندانی بہبود کے وزیر نبا داس کو اتوار کے روز ایک پولیس عہدیدار نے گولی مار کر قتل کر دیا۔
بھوبنیشور:اڈیشہ کے صحت و خاندانی بہبود کے وزیر نبا داس کو اتوار کے روز ایک پولیس عہدیدار نے گولی مار کر قتل کر دیا۔
اپولو ہسپتال نے ایک بیان میں کہا نبا داس کو سینے کی بائیں جانب گولی لگنے کے بعد یہاں اپولو اسپتال کی انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں داخل کرایا گیا تھا۔ لیکن انہیں بچایا نہ جا سکا۔
اسپتال نے ایک میڈیکل بلیٹن میں کہا کہ آپریشن کرنے پر پتہ چلا کہ ایک گولی داس کے جسم چیرتی ہوئی باہر نکل گئی تھی جس سے دل اور بائیں پھیپھڑے میں شدید چوٹیں آئیں اور بڑے پیمانے پر اندرونی خون بہہ گیا جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔
اسپتال نے بتایا کہ داس کے زخموں کا تدارک کرنے کی کوشش کی گئی اور دل کی پمپنگ کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے لیکن پوری کوشش کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوپال داس نے ایک تقریب میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے وزیر کو گولی مار دی تھی۔برجراج نگر کے سب ڈویژنل افسر جی بھوئی نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی نے وزیر پر تقریباً چار سے پانچ راؤنڈ فائر کئے۔
قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ واقعہ کے بعد داس کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال جھارسگوڈا لے جایا گیا۔ حالت بگڑنے کے بعد انہیں بھوبنیشور منتقل کیا گیا تھا۔قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب چونکا دینے والے واقعہ میں ایک آن ڈیوٹی پولیس عہدیدار نے اوڈیشہ کے وزیرصحت ناباکشورداس پر اتوار کے دن ضلع جھارسوگوڑہ میں گولی چلادی۔
ریاستی وزیر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ یہ واقعہ جھارسوگوڑہ کے بجرنگ نگر میں گاندھی چک کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ناباکشورداس ایک تقریب میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ اے ایس آئی گوپال داس نے جو وردی میں تھا‘ اچانک وزیرکی گاڑی کے قریب آکر ان پر اپنے سرویس ریوالور سے فائرنگ کردی۔