بھارت

ہندوستانیوں کو جلداز جلد یوکرین چھوڑ دینے کا مشورہ

یوکرین میں قائم ہندوستانی سفارتخانہ نے چہارشنبہ کو اپنے شہریوں کو اڈوائزری جاری کی کہ وہ سیکوریٹی کی ابترصورتحال اور جنگ میں حالیہ شدت کے پیش نظر اس ملک کا دورہ نہ کریں۔

کیف: یوکرین میں قائم ہندوستانی سفارتخانہ نے چہارشنبہ کو اپنے شہریوں کو اڈوائزری جاری کی کہ وہ سیکوریٹی کی ابترصورتحال اور جنگ میں حالیہ شدت کے پیش نظر اس ملک کا دورہ نہ کریں۔

سفارتخانہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہندوستانی شہریوں بشمول یوکرین میں مقیم طلبہ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جلد از جلد یوکرین چھوڑ دیں۔

صدر روس ولادیمیر پوٹین کی جانب سے یوکرین کے 4 علاقوں میں مارشل لاء کے نفاذ کا اعلان کئے جانے کے بعد یہ اڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ماسکو نے یوکرین کے ان چاروں علاقوں کو اپنے ساتھ ضم کرلیا ہے۔

روس میں تمام علاقائی گورنرس کو ہنگامی اختیارات عطا کردیئے ہیں جس کی وجہ سے ملک بھر میں تازہ تحدیدات عائد کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

روسی قوانین کے مطابق مارشل لاء کے ذریعہ عوامی اجتماعات، جلسے و جلسوں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ سفری پابندیاں بھی لگائی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ سنسر شپ بھی نافذ کی جاسکتی ہے۔