ہندوستان کی شکست سے بہت مایوس ہوں:شعیب اختر
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر ٹیم انڈیا کی اس شکست سے کافی مایوس تھے۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے کہاکہ ہندوستان نے ہمیں مار ڈالا۔
سڈنی: ٹی 20 ورلڈکپ میں لگاتار دو جیت درج کرنے کے بعد ٹیم انڈیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 5 وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
اس شکست کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر کھسک گئی ہے اور جنوبی افریقہ ٹیبل ٹاپر بن گیاہے۔ جنوبی افریقہ کی پیس بیٹری کے سامنے ہندوستان کی بیٹنگ کام نہ آئی اور ٹیم مقررہ اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز بناسکی۔
اس کے نتیجے میں ٹیم انڈیا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے اس میچ پر پاکستانی ٹیم بھی بیٹھی تھی۔ انہیں یقین تھاکہ ٹیم انڈیا جیت درج کرکے ان کی امیدوں کو زندہ رکھے گی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور ہندوستان کی شکست نے پاکستان کیلئے سیمی فائنل میں پہنچنے کے تقریباً تمام دروازے بند کردیے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر ٹیم انڈیا کی اس شکست سے کافی مایوس تھے۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے کہاکہ ہندوستان نے ہمیں مار ڈالا۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم انڈیا کے بلے باز جنوبی افریقہ کی تیز گیند بازی کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اگر وہ تھوڑا صبر سے کھیلتے تو وہ 150 رنز بناسکتے تھے۔ اختر نے کہاکہ پاکستان ٹیم کا آگے کا سفر اب تقریباً ختم ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔
یہی نہیں جنوبی افریقہ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے انہیں ورلڈکپ کا سب سے بڑا دعویدار بھی قرار دیا۔ ٹیم انڈیا کو ابھی دو اور میچ کھیلنا ہیں۔ ٹیم پہلے ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش سے ٹکرائے گی۔ یہ میچ 2 نومبر کو ہوگا جبکہ ٹیم انڈیا 6 نومبر کو سوپر 12 کے اپنے آخری میچ میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ اب ٹیم کے پاس دونوں میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے کا موقع ہے۔