2025 کا مانسون ہوگا معمول سے بہتر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
نئی دہلی، 15 اپریل – ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال مانسون کے دوران ملک میں معمول سے بہتر بارش ہونے کا امکان ہے

نئی دہلی: ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال مانسون کے دوران ملک میں معمول سے بہتر بارش ہونے کا امکان ہے۔ جون سے ستمبر 2025 کے درمیان ملک میں اوسطاً 105 فیصد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو تقریباً 87 سینٹی میٹر بنتی ہے۔
زمینی سائنس کی مرکزی وزارت کے سکریٹری ایم روی چندرن نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس سال النینو جیسے حالات کے پیدا ہونے کا خطرہ نہیں ہے، جو کہ بارش کو متاثر کرنے والا ایک اہم موسمی عنصر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، ملک کے تقریباً 80 فیصد علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش کی امید ہے۔
البتہ شمال مغربی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کے کچھ علاقوں میں معمول سے کم بارش ہونے کی توقع ہے۔ جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کے بھی چند حصے اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جنوری تا مارچ 2025 کے دوران شمالی نصف کرہ اور یوریشیا میں برف کی تہہ معمول سے کم دیکھی گئی، اور تاریخی طور پر اس کا تعلق بھارت میں مانسون کی شدت سے ہوتا ہے۔ کم برف باری اکثر بہتر مانسون کی علامت ہوتی ہے۔
مانسون کیرالہ میں کب داخل ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں روی چندرن نے بتایا کہ اس حوالے سے مخصوص معلومات مئی کے وسط میں جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں مانسون کی طویل مدتی اوسط بارش تقریباً 86.86 سینٹی میٹر ہے۔ مانسون کا آغاز ہر سال یکم جون کے آس پاس کیرالہ سے ہوتا ہے اور ستمبر کے آخر میں راجستھان سے واپسی ہوتی ہے۔