دہلی

لاؤس میں سائبر اسکام مراکز سے 47 ہندوستانیوں کو بچالیاگیا

لاؤس میں قائم ہندوستانی سفارت خانہ نے آج اعلان کیا کہ اس نے 47 ہندوستانی شہریوں کو کامیابی کے ساتھ بچایا ہے جو بوکیو صوبہ میں واقع گولڈن ٹرینگل اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) میں سائبراسکام مراکز میں پھنسے ہوئے تھے۔

لاؤس: لاؤس میں قائم ہندوستانی سفارت خانہ نے آج اعلان کیا کہ اس نے 47 ہندوستانی شہریوں کو کامیابی کے ساتھ بچایا ہے جو بوکیو صوبہ میں واقع گولڈن ٹرینگل اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) میں سائبراسکام مراکز میں پھنسے ہوئے تھے۔

سفارت خانہ نے اطلاع دی ہے کہ لاؤس کے حکام نے غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے بعد 29 افراد کو ان کے حوالہ کیا جبکہ مابقی 18 افراد نے مدد کے لئے سفارت خانہ سے براہِ راست ربط پیدا کیا۔

سفارت خانہ نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں وضاحت کی کہ اس کے ملازمین نے دارالحکومت وینٹیانے سے بوکیو کا سفر کیا جہاں انہوں نے ریسکیو کی سہولت کے لئے مقامی حکام سے رابطہ کیا۔

بچائے گئے افراد کو وینٹیانے لے جایا گیا جہاں ان کے قیام کا انتظام کیا گیا۔ لاؤس میں مقیم ہندوستانی سفیر پرشانت اگروال نے وینٹیانے پہنچنے پر بچائے گئے گروپ سے ملاقات کی تاکہ انہیں درپیش چیلنجس پر تبادلہ خیال کیا جاسکے اور آئندہ اقدامات کا خاکہ تیار کیا جاسکے۔

سفارت خانہ نے ان افراد کی وطن واپسی کے لئے لاؤس حکام کے ساتھ تمام ضروری کارروائیوں کی تکمیل کرلی ہے۔ اب تک 30 افراد یا تو ہندوستان واپس آچکے ہیں یا گھر واپس ہورہے ہیں جبکہ مابقی 17 سفری انتظامات کے منتظر ہیں۔

سفیر اگروال نے اس بات کو دُہرایا کہ ہندوستانی شہریوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانا سفارت خانہ کی اولین ترجیح ہے اور کہا کہ امداد کی تمام درخواستوں پر فوری توجہ دی جائے گی۔

a3w
a3w