جنوبی غزہ پر اسرائیل کا حملہ، 51 فلسطینی جاں بحق
جنوبی غزہ میں کل رات اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 51 افراد بشمول خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس میں زمینی کارروائی شروع کردی ہے۔

دیرالبلح(اے پی) جنوبی غزہ میں کل رات اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 51 افراد بشمول خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس میں زمینی کارروائی شروع کردی ہے۔
فلسطینی طبی عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ اسرائیل نے تقریباً ایک سال سے حملے جاری رکھے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں لڑاکوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اس دوران اس کی توجہ لبنان اور ایران کی طرف مبذول ہوئی ہے۔ اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف زمینی کارروائی شروع کردی اور تہران نے منگل کو دیرگئے اسرائیل پر بیالسٹک مزائل فائر کئے۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ لبنانی سرحدی ٹاؤن میں اس کے لڑاکوں کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ اس لڑائی کی آزادانہ توثیق نہیں ہوسکی۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے بھی فوری کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ پیادہ فوج اور دبابے جنوبی لبنان میں پیش قدمی کررہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ہزاروں فوجی اور توپ خانہ سرحد پر بھیج دیا۔ اس نے جنوبی لبنان کے مزید 24 مواضعات کے تخلیہ کا حکم دیا ہے۔
ہزاروں لوگ پہلے ہی اپنا گھربار چھوڑکر جاچکے ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ غزہ پر بہت بڑا حملہ ہوا ہے۔ خان یونس میں پیر کی صبح شروع ہونے والے حملہ میں کم ازکم 51 جانیں گئیں اور 82 افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے اس پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ خان یونس‘ غزہ کا دوسرا بڑا شہر ہے جو اسرائیلی حملوں میں تباہ ہوچکا ہے۔
ایران نے منگل کے دن کم ازکم 180 مزائل اسرائیل کی طرف داغے۔ فضائی حملہ کے سائرن بجتے ہی اسرائیلیوں کی بڑی تعداد بم شیلٹرس میں پناہ لینے کے لئے دوڑ پڑی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کی طرف سے آنے والے کئی مزائل بیچ میں روک کر ناکارہ کردیئے۔
بعض مزائل وسطی اور جنوبی اسرائیل میں گرے۔ 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ کئی مزائل اسرائیلی مقبوضہ کنارہ میں گرے جہاں غزہ کا ایک فلسطینی ورکر جاں بحق ہوا۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نتن یاہو نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کا عہد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے بڑی غلطی کی ہے جس کی قیمت اسے چکانی پڑے گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ان کی حکومت‘ اسرائیل کی بھرپور مدد کررہی ہے۔ گزشتہ 2ہفتوں میں لبنان میں اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار سے زائد جانیں جاچکی ہیں۔