اتر پردیش میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم، 6 افراد ہلاک، 7 زخمی
یہ حادثہ رات تقریباً 1:30 بجے دھولانہ-گلاؤٹھی روڈ پر اس وقت پیش آیا جب بس شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔ بارات غازی آباد کے علاقے داسنا سے بلند شہر کے علاقے گلاؤٹھی گئی تھی اور واپسی کے سفر کے دوران اس حادثے کا شکار ہو گئی۔
ہاپوڑ: اتر پردیش کے ضلع ہاپوڑ میں اتوار کی دیر رات باراتیوں سے بھری ایک بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور سات دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ رات تقریباً 1:30 بجے دھولانہ-گلاؤٹھی روڈ پر اس وقت پیش آیا جب بس شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔ بارات غازی آباد کے علاقے داسنا سے بلند شہر کے علاقے گلاؤٹھی گئی تھی اور واپسی کے سفر کے دوران اس حادثے کا شکار ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس پلٹ گئی۔ کئی مسافر بس کے اندر پھنس گئے جس سے جائے وقوعہ پر افراتفری پھیل گئی۔ مقامی پولیس اور راہگیروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور بس کے شیشے توڑ کر پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا۔ ہلاک ہونے والوں میں دولہے کے والد بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک پانڈے، ایس پی کنور گیاننجے سنگھ اور چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر وید کمار نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور بعد ازاں ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔
ایس پی گیاننجے سنگھ نے پیر کی صبح بتایا کہ پولیس ٹیموں نے بروقت پہنچ کر تحقیقات اور امدادی کام شروع کی۔
سڑک سے ٹرک کو ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔ بس میں کل 12 مسافر سوار تھے۔ ایک ہلاک ہونے والے شخص، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ڈرائیور تھا، کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی آمد کے بعد قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔