ایشیاء

فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 7.5 شدت کا زلزلہ، کئی ملکوں میں سونامی وارننگ جاری

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلپائن کے محکمہ ارضیات (فیوولکس) نے بتایا کہ زلزلہ منڈاناؤ کے علاقے میں داؤاؤ اورینٹل کے ساحلی قصبے مانائے کے قریب سمندر میں آیا، ادارے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.6 بتائی تھی جسے بعد میں کم کر کے 7.5 کر دیا گیا، جب کہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر (12 میل) بتائی گئی۔

منیلا: فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقوں میں جمعے کی صبح 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلے کے بعد کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی اور قریبی ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوراً بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تاہم بعدازاں انتباہ واپس لے لیا گیا۔

متعلقہ خبریں
مشرقی انڈونیشیا میں 6.4 شدت کا زلزلہ
استنبول میں ایک اور زلزلہ کا امکان: ماہرین
ترکیہ اور شام زلزلے میں اموات کی تعداد 41 ہزار ہوگئی
ہندوستانی شہریوں نے ترکیہ کے لئے مدد روانہ کی
زلزلہ متاثرین سے لوٹ مار اور دھوکہ دینے والے48 افراد گرفتار


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلپائن کے محکمہ ارضیات (فیوولکس) نے بتایا کہ زلزلہ منڈاناؤ کے علاقے میں داؤاؤ اورینٹل کے ساحلی قصبے مانائے کے قریب سمندر میں آیا، ادارے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.6 بتائی تھی جسے بعد میں کم کر کے 7.5 کر دیا گیا، جب کہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر (12 میل) بتائی گئی۔


تاہم خبر رساں اے ایف پی کے مطابق یورپی و بحیرہ روم زلزلہ مرکز (ای ایم ایس سی) نے بتایا کہ زلزلے کی شدت 7.4 اور گہرائی 58 کلومیٹر (36 میل) تھی۔


امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر (186 میل) کے اندر آنے والے ساحلی علاقوں میں خطرناک لہریں اٹھ سکتی ہیں۔


صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا کہ حکام زمینی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور جب حالات محفوظ ہوں گے تو سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ مدد ہر اس شخص تک پہنچے جسے اس کی ضرورت ہے‘، متاثرہ علاقے کے مقامی حکام سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔
فیوولکس نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے ساحلی قصبوں کے رہائشیوں سے کہا کہ وہ فوراً بلند مقامات پر منتقل ہو جائیں یا اندرونِ ملک دور چلے جائیں، کیونکہ معمول کی لہروں سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ اونچی سونامی لہروں کا خدشہ ہے۔
بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق فلپائن میں سمندر کی سطح سے ایک سے تین میٹر تک بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں، یہ زلزلہ دو ہفتے بعد آیا ہے جب فلپائن نے ایک دہائی سے زائد عرصے میں اپنا ہولناک ترین زلزلہ دیکھا تھا، جس میں جزیرہ سیبو پر 72 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ وہ زلزلہ بھی 6.9 شدت کا تھا اور ساحل سے باہر آیا تھا۔


فلپائن بحرالکاہل کے ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے، جہاں ہر سال 800 سے زیادہ زلزلے آتے ہیں۔


انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی اور پاپوا کے علاقوں کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر نے انڈونیشیا اور بحرالکاہل کے جزیرہ نما ملک پالا کے کچھ ساحلی علاقوں میں لہریں ایک میٹر تک بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔۔


فلپائن کے صوبہ داؤاؤ اورینٹل کے گورنر ایڈون جوباہیب نے فلپائنی نشریاتی ادارے ڈی زیڈ ایم ایم کو بتایا کہ زلزلے کے وقت لوگ خوفزدہ ہو کر بھاگ نکل آئے، انہوں نے کہا کہ ’کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں، زلزلہ بہت شدید تھا‘۔


خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے چند گھنٹے بعد فلپائن، پلاؤ اور انڈونیشیا کے لیے جاری سونامی الرٹ واپس لے لیا۔


ادارے نے اپنے مشاورتی بیان میں کہا کہ ’اس زلزلے سے اب مزید سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے‘۔