یوروپ

روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں یوکرین کے 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں یوکرین کے مختلف علاقوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، جبکہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملوں کو "ہولناک" قرار دیتے ہوئے روس پر شدید تنقید کی ہے۔

کیف: روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں یوکرین کے مختلف علاقوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، جبکہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملوں کو "ہولناک” قرار دیتے ہوئے روس پر شدید تنقید کی ہے۔


یوکرینی حکام کے مطابق روس نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 34 زخمی ہوئے۔


صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ پیر کو شہر دنیپرو پر روسی میزائل حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔


ان کے مطابق روس نے دنیپرو کے علاوہ سومی، اوڈیسا، خیرسون اور خارکیف کے علاقوں پر بھی حملے کیے، جن سے شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔


ادھر زاپوریژیا میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں مزید 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔


دوسری جانب کریملن نے کہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے سے متعلق روس کا مؤقف 2024 سے تبدیل نہیں ہوا۔


روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مطابق یوکرین کو ان چار علاقوں سے اپنی افواج واپس بلانا ہوں گی جنہیں ماسکو روس کا حصہ قرار دیتا ہے، جبکہ کیف کو نیٹو میں شمولیت کا منصوبہ بھی ترک کرنا ہوگا۔


ایک انٹرویو میں ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس ان علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے اپنے ہدف پر قائم رہے گا اور یوکرین کی جانب سے لڑائی محدود کرنے کی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔