امریکہ میں خطرناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک
تفصیلات کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں کوزد میں لینے والے تیز ہوا کے جھکڑوں اور سمندری طوفان کے نتیجے میں 10افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
الاباما: امریکی ریاستوں الاباما، میسی سیپی اور دیگر میں تیز ہوا کے تھپیڑوں اور سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی، متعدد علاقوں میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں کوزد میں لینے والے تیز ہوا کے جھکڑوں اور سمندری طوفان کے نتیجے میں 10افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریاست الاباما میں تیز ہوا کے ساتھ جڑوں سے اکھڑنے والے درختوں کے گرنے سے 3افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ ریاست میسی سیپی میں گاڑی پر درخت گرنے کی وجہ سے گاڑی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ریاست آرکنساس میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ کر ایک شخص ہلاک ہو گیا
علاوہ ازیں ریاست ٹینیسی میں بھی درخت گرنے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ طوفان سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست کنٹکی میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ موسمیات نے جمعہ کے دن 128 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے بادی جھکڑوں کو تاریخی قرار دیا تھا۔ ملک میں نامساعد موسمی حالات کی وجہ سے کنٹکی، ٹینیسی اور مشی گن میں دس لاکھ سے زائد افراد بجلی کی ترسیل سے محروم ہوگئے۔