چالیس دیہاتوں کے ائمہ کا چار روزہ تربیتی کیمپ
مسجد الفلاح واحد نگر قدیم ملک پیٹ پر منبرو محراب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور الحق سوسائٹی کے اشتراک سے تین زون گجویل،دوباک اور شاہ میر پیٹ کے چالیس دیہاتوں کی مساجد کے ائمہ کرام کا چار روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔
حیدرآباد: حافظ صابر آرگنائزیشن منبر و محراب فاونڈیشن کی اطلاع کے مطابق مسجد الفلاح واحد نگر قدیم ملک پیٹ پر منبرو محراب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور الحق سوسائٹی کے اشتراک سے تین زون گجویل،دوباک اور شاہ میر پیٹ کے چالیس دیہاتوں کی مساجد کے ائمہ کرام کا چار روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔
ان چار دنوں میں مختلف ممتاز علماء کرام اور ماہر فن شخصیات کے پرنزنٹیشن اور بیانات رکھے گئے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے تمہیدی خطاب کرتے ہوئے ترغیبی گفتگو کی۔ ڈاکٹر مزمل انظر نے ائمہ کرام کے قائدانہ کردار سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات میں ائمہ کرام کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور مرحلہ وار قیادت کے اصول سے آگاہ کیا۔
حافظ و قاری سعید الرحمن نے دو دن روزانہ دو گھنٹے کی ترتیب پر نورانی قاعدہ کی مشق کروائی۔ مفتی مجاہد خان قاسمی اور مفتی مکرم محی الدین حسامی نے امامت سے متعلقہ مسائل بیان کیے۔
مفتی سہیل الرحمن قاسمی نے سنتوں کا مذاکرہ کروایا اور دین سے دور افراد سے ملاقات اور دوستی کا نہج سمجھایا تاکہ یہ ائمہ اپنے اپنے علاقہ کے ایسے افراد سے دینی دوستی کرسکیں۔مولانا حبیب الرحمن حسامی نے تجہیز و تکفین و تدفین سے متعلق مسائل سمجھائے اور حافظ عبد الغفار اشرفی کے ساتھ تمام ائمہ ء کرام کو عملی مشق کروائی تاکہ وہ سارے ائمہ اپنے علاقوں میں تجہیز و تکفین اور غسل میت کا فریضہ سنتوں کے ساتھ انجام دے سکیں۔
مولانا غیاث احمد رشادی نے درس قرآن اور درس حدیث کا عملاً طریقہئ کار سمجھایا اور مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمی نے ’’امام کی زندگی عوام کیلئے نمونہ‘‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے فریضہئ امامت سے منسلک ان کی ذمہ داریوں سے انہیں آگاہ کیا۔مولانا سید احمد ومیض ندوی نے تزکیہ نفس اور تطہیر قلب پر خطاب کیا اور انہیں اپنی اصلاح کے لیے صاحب نسبت افراد سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔
مفتی ابوبکر جابر القاسمی نے اپنے تجربات کی روشنی میں ائمہ کرام کو قیمتی ہدایات سے نوازا اور علمی و ملکی حالات اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ چار روزہ تربیت کے بعد ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی اور ممتاز ائمہ کرام کو انعامات سے نوازا گیا۔جناب عبید نے بہترین لحن سے اذان دینے کی تربیت دی۔
مولانا غیاث احمد رشادی نے ان ائمہ کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقہ کے سارے ہی انسانوں سے اپنے روابط بڑھائیں اور اس فکر کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کریں کہ وہ سارا علاقہ دین و ایمان سے جڑا رہے۔ اس تربیتی کیمپ کی مستقلا نگرانی مفتی سہیل الرحمن نے کی، تمام ائمہ کرام نے وعدہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو خوب نبھائیں گے اور لوگوں کے لیے نمونہ بن کر زندگی گزاریں گے۔
منبرو محراب فاؤنڈیشن کی جانب سے ان ائمہ مساجد کے قیام و طعام کامکمل انتظام کیا گیا۔ الحق سوسائٹی سے وابستہ متحرک شخصیات جناب عبد الروف، جناب قطب الدین غوری، جناب محی الدین سلیم اور جناب وصی الدین نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ انتظامات میں حافظ صابر، خواجہ پاشاہ، محمد سراج، منظور عالم، شاہ جہاں، عارف، ابراہیم اور دیگر اسٹاف شامل رہا۔ صدر کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔