عازمینِ حج کے لیے بڑی سہولت، حج 2026 میں سیلف بکنگ پروازوں کی اجازت
تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2026 کے عازمین کے لیے خود اپنی پسند سے پروازوں کی بکنگ (سیلف بکنگ) سے متعلق ایک اہم اعلان کیا ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2026 کے عازمین کے لیے خود اپنی پسند سے پروازوں کی بکنگ (سیلف بکنگ) سے متعلق ایک اہم اعلان کیا ہے۔ حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی (خسرو پاشاہ) نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمینِ حج کو اپنی سہولت کے مطابق فلائٹس بک کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سہولت ان تمام عازمینِ حج کے لیے دستیاب ہے جو رباط نظام حیدرآباد میں قیام نہیں کرنا چاہتے اور حج کمیٹی کی دیگر رہائش گاہوں میں ٹھہریں گے۔ ایسے عازمین اپنی مرضی کے مطابق پروازوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ حیدرآباد ایمبارکیشن پوائنٹ سے پروازوں کا عارضی شیڈول 5 مئی 2026 سے 20 مئی 2026 کے درمیان رکھا گیا ہے۔
چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ سیلف بکنگ کی یہ سہولت فی الحال چار دن کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم، انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا سے درخواست کی ہے کہ اس مدت میں 5 فروری 2026 تک توسیع کی جائے، کیونکہ رباط نظام حیدرآباد کے لیے قرعہ اندازی چومحلہ پیالیس میں آن لائن لَکّی ڈرا کے ذریعے 5 فروری 2026 کو شام 5 بجے منعقد ہوگی۔
عازمینِ حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 5 فروری 2026 تک رباط نظام حیدرآباد میں اپنے انتخاب کا انتظار کریں۔ اگر انتخاب نہ ہو تو وہ اس کے بعد اپنی پسند کے مطابق پروازوں کی بکنگ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایک مرتبہ فلائٹ الاٹ ہونے کے بعد کسی بھی صورت میں تبدیلی کی اجازت نہیں دی جائے گی، البتہ رباط نظام سے متعلق پروازیں علیحدہ طور پر الاٹ کی جائیں گی۔
چیئرمین نے عازمین کو ہدایت دی کہ وہ سیلف بکنگ سے متعلق تمام رہنما اصولوں اور سرکلر نمبر 29، مورخہ 28 جنوری 2026 پر سختی سے عمل کریں۔
اسی کے ساتھ یہ بھی اطلاع دی گئی کہ دوسرا اورینٹیشن ٹریننگ کیمپ اتوار یکم فروری 2026 کو ہیریٹیج پیالیس، پلر نمبر 245، عطاپور، حیدرآباد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک منعقد ہوگا۔ تمام عازمینِ حج سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر لازمی طور پر شرکت کریں۔
مزید معلومات کے لیے عازمینِ حج تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر، دوسری منزل، حج ہاؤس، نامپلی، حیدرآباد میں بالمشافہ رابطہ کر سکتے ہیں یا فون نمبر 040-23298793 پر رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ حج 2026 سے متعلق تازہ اطلاعات کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے سرکاری ٹیلی گرام چینل کو فالو کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔